درخت زمین کا زیور ہیں۔یہ صرف ہریالی ہی نہیں بلکہ زندگی، خوشحالی اور تروتازگی کی علامت ہیں۔ درخت ہمیں آکسیجن فراہم کرتے ہیں،ماحول کو صاف رکھتے ہیں، گرمی کو کم کرتے ہیں اور زمین کے قدرتی حسن میں اضافہ کرتے ہیں۔یہ آب و ہوا کواعتدال پر رکھتے ہیں۔بارشیں لانے میں مدد دیتے ہیں اور زمین کے درجہ حرارت کو متوازن رکھتے ہیں۔ درخت دھوئیں، گرد و غبار اور زہریلی گیسوں کو جذب کرکے ماحول کو صاف کرتے ہیں۔درختوں کی جڑیں زمین کو جکڑ کر رکھتی ہیں جس سے مٹی کا کٹاؤ کم ہوتا ہے اور زمین زرخیز رہتی ہے۔کئی پرندے اور جانور درختوں میں اپنا گھر بناتے ہیں اور ان پر انحصار کرتے ہیں۔درختوں سے پھل، لکڑی اور دیگر قدرتی وسائل حاصل ہوتے ہیں جو روزگار اور معیشت کی بہتری میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔جہاں درخت ہوں وہاں فضا خوشگوار،پرندے چہچہاتے اور انسان خود کو تروتازہ محسوس کرتے ہیں۔درخت لگانا صرف ایک نیکی ہی نہیں بلکہ ایک ضرورت بھی ہے۔یہ نہ صرف ہمارے ماحول بلکہ انسانوں، جانوروں اور پرندوں کے لیے بھی فائدہ مند ہیں۔موسم کے تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں۔
تبصرے