گزشتہ دنوں یوتھ ایکسچینج پروگرام کے تحت اردن کے طلبا کا ایک وفد پاکستان آیا اورملٹری کالج جہلم میں مختصرقیام کیا۔یہ وفد میجر اہاب احمد اور چار کیڈٹس پر مشتمل تھا۔وفد کوعشائیے کے بعدان کے اعزاز میں موسیٰ ہال میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔ تلاوت کی سعادت کیڈٹ عبدالرافع نے حاصل کی۔سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے کالج پریفیکٹ نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اورکالج کا مختصر تعارف پیش کرنے کے بعدکالج کی روز مرہ سرگرمیوں کے حوالے سے دستاویزی فلم دکھائی گئی۔بعد ازاں صدر بزمِ ادب کیڈٹ محمدتساول خان نے اردن کے وفدکو پاکستانی ثقافت سے متعارف کرواتے ہوئے یہاں کی تہذیب ،رہن سہن اور کلچر کو مختصر مگر بہترین انداز میں حاضرین کے سامنے بیان کیااورپاکستانی ثقافت پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ کیڈٹ عمر انیس اور کیڈٹ ہمایوں نے ڈرامہ کلب کی طرف سے میزبانی کے فرائض انجام دیئے۔ کیڈٹس نے پاکستانی ثقافت کی ترجمانی کرتے ہوئے مختلف گیت اور علاقائی رقص پیش کیے ،جنہیں دیکھ کرمہمانان گرامی خوب محظوظ ہوئے۔آخر میں ڈپٹی کمانڈنٹ نے معزز مہمانوں کو تحائف پیش کیے اور خطاب میں وفد کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔ قومی ترانے اور قومی نعروں سے اس پروقار تقریب کا اختتام ہوا۔
اگلے دن معزز مہمانوں کو کالج کے اہم مقامات دکھائے گئے جن میں کھیل کے میدان ، کیڈ ٹس کی اقامت گاہیں اور اکیڈمک بلاک شامل تھے۔ اکیڈمک بلاک میں بیالوجی ،فزکس ،کیمسٹری ، لینگویج لیب اورکالج لائبریری کے علاوہ فائن آرٹس کلب بھی دکھایا گیا۔وفد نے آرمی پبلک اسکول سرائے عا لمگیرکا بھی مختصر دورہ کیا اور طلبا کو فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا ۔دورے کے اختتام پر وفد کی الوداعی ملاقات کمانڈنٹملٹری کالج جہلم بریگیڈیئرعمران صدیق کے دفترمیں ہوئی۔ میجر اہاب نے کالج انتظامیہ کو بھرپور انداز میں سراہا اور کیڈٹس کی شخصیت سازی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔کمانڈنٹ نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یادگاری شیلڈ پیش کی اور مہمانانِ گرامی کوپر تپاک انداز سے الوداع کیا۔
تبصرے