گزشتہ دنوں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے سلطنت عمان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سول اور عسکری قیادت کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت کی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ کا مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ استقبال کیا گیا، اوردوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے دورے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
ان ملاقاتوں میں چیف آف دی ایئر اسٹاف نے عمان کے شاہی دفتر کے وزیر جنرل سلطان محمد النعمانی، عمان کی رائل ایئر فورس کے کمانڈر ایئر وائس مارشل خامس حماد الغفری، وائس ایڈمرل عبداللہ خامس الرئیسی، سلطان کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف اور وزارت کے سیکریٹری ڈاکٹر محمد النعمانی سے ملاقات کی۔ دفاعی ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ فوجی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کی اعلی ترین عسکری قیادت کے درمیان ہونے والی اس تاریخی ملاقات کے دوران چیف آف دی ایئر سٹاف نے کہا کہ پاکستان سلطنت عمان کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو تمام اہم امور پر ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔
تبصرے