قومی یکجہتی اور باہمی یگانگت ایسے اوصاف ہیں جو کسی بھی قوم کو مشکل سے مشکل تر حالات میں بھی ثابت قدم رکھتے ہیں۔وطن عزیز پاکستان بھی اپنے قیام سے لیکر اب تک مختلف چیلنجز سے نبرد آزما ہوتے ہوئے اپنی ترقی کے مدارج طے کرتا چلا آرہا ہے۔ماضی گواہ ہے کہ پاکستان جب کبھی ترقی و خوشحالی کی حقیقی شاہراہ پر گامزن ہوتا دکھائی دیا تو اندرونی و بیرونی سطح پر پاکستان دشمن عناصر سرگرم ہوگئے۔موجودہ حالات میں بھی پاکستان الحمدُللہ ایک تابناک مستقبل کی جانب اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔سی پیک کے منصوبے بشمول گوادر پورٹ اور اس سے منسلک منصوبے جن کی تکمیل سے پاکستان دنیا کے لیے ایک معاشی مرکز بن جائے گااور ایس آئی ایف سی جیسے منصوبے جس سے ملک کی زراعت،لائیو سٹاک، آئی ٹی سیکٹر،معدنیات سمیت دیگر شعبے دن دگنی رات چوگنی ترقی کریں گے، دشمن کو برداشت نہیں ہو رہے ۔پاکستان کو دہشت گردی کی ایک نئی لہر کا سامنا ہے۔گزشتہ دنوں جعفر ایکسپریس کے معصوم مسافروں کو یر غمال بنانے کا جو سانحہ ہوا وہ بھی دشمن کے گٹھ جوڑ کا شا خسانہ ہے۔اس سانحے پر پوری قوم دِل گرفتہ دکھائی دی ۔بہر طور افواج ِ پاکستان نے جس پیشہ ورانہ انداز میں ان یرغمالیوں کو چھڑوایا اور دہشت گردوں کو ایک ایک کر کے ٹھکانے لگایا ،اس پر دنیا معترف ہے۔جب بھی ملک میں ایسے واقعات ہوتے ہیں تو ساتھ ہی ہائبرڈ دار فیئر کا ہتھیار استعمال کیا جاتا ہے اور فیک نیوز ،سوشل میڈیا کا منفی استعمال عمل میں لا کر عوام الناس کو مایوسی کی جانب دھکیلا جاتا ہے۔صد شکرہمارے عوام اور ادارے دشمن کی اس چال سے بخوبی واقف ہیں اور ملکی سرحدوں کے دفاع سے چنداں غافل نہیں ہیں۔
یوم پاکستان کے موقع پر ہونے والی قومی پریڈ بھی پاکستان دشمنوں کے لیے ایک پیغام ہوتی ہے کہ ہماری افواج اور دیگر ادارے دفاع ِ وطن کو ہر آن یقینی بنائیں گے اور دشمن کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔صدر مملکت نے قومی پریڈ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا '' کہ آزادی بے پناہ قربانیوں کے بعد ملی ہے اور اس آزادی کا تحفظ ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے جس کے لیے پوری قوم اور مسلح افواج ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں،بھارت پاکستان کو ہمیشہ میلی آنکھ سے دیکھتا ہے،فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد تنظیمیں اپنے ناپاک عزائم کے حصول کے لیے کوشاں ہیں تاہم عوام اور مسلح افواج متحد ہیں اور دشمن کے ناپاک عزائم کو نا کام بنائیں گے،پاکستان کو بہت سے جیو پولیٹیکل چیلنجز کا سامنا ہے،تمام اندرونی اور بیرونی سازشوں کے باوجود پاکستان کی تعمیر و ترقی کا عمل جاری رہے گا،ففتھ جنریشن وار فیئر اہم چیلنج کی صورت اختیار کر چکا ہے،نوجوان نسل میں نفرت اور مایوسی پھیلانے کی کوششوں کو ناکام بنانا ہوگا''۔
بلاشبہ دفاع ِ وطن کو یقینی بنانے کی خاطر ہمارے جوان اور افسر مادرِ وطن پر اپنی جانیں نچھاور کرتے دکھائی دیتے ہیں۔انشا اللہ ان سپوتوں کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔ہمارے ان شہداکا خون ہماری''ریڈ لائن''ہے۔ان کے خون کا تقدس عوام کو ایک عزم بخشتا ہے کہ وہ ملک دشمنوں کی ہر ہر چال کا دیوانہ وار مقابلہ کر کے انہیں عبرت کا نشان بنا کر دم لیں گے۔پاکستان ہمیشہ سلامت رہے۔
تبصرے