اوکاڑہ گیریژن میں النور سپیشل چلڈرن اسکول نے خصوصی بچوں کی زندگیوں میں خوشیوں کے رنگ بھرنے کا ایک اور سنگ میل عبور کیا، جہاں 4 قوت سماعت سے محروم بچوں کے ''کوکلیئر امپلانٹس'' کی ایکٹیویشن کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ یہ تقریب ان بچوں کے لیے ایک نئی امید کی علامت بنی جو سماعت جیسی بیش بہا نعمت سے محروم تھے۔ کوکلیئر امپلانٹ ڈیوائسز کی ایکٹیویشن کے دوران والدین اور بچوں کی خوشی قابل دید تھی۔ ان جدید آلات کی بدولت یہ بچے نہ صرف سماعت کے قابل ہوں گے بلکہ معاشرے میں مؤثر اور بااعتماد کردار ادا کرنے کے قابل بھی بنیں گے۔ مہنگی لاگت کے باوجود یہ آلات پاک فوج اور مخیر حضرات کی مشترکہ کاوشوں سے فراہم کیے گئے۔تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل وسیم افتخار چیمہ، جنرل آفیسر کمانڈنگ الجہاد ڈویژن تھے، جنہوں نے اس منصوبے کو خصوصی بچوں کی زندگیوں میں ایک مثبت انقلاب قرار دیا۔ اس موقع پر میجر جنرل نیک نام محمد بیگ، جنرل آفیسر کمانڈنگ البرق ڈویژن بھی موجود تھے۔ مہمان خصوصی نے سکول کی انتھک محنت، پاک فوج کے تعاون، اور معاونین کے کردار کو بھرپور سراہا۔اس پروقار تقریب میں اسکول کے بچوں کی جانب سے پیش کیے گئے ٹیبلوز نے حاضرین کے دل موہ لیے بعدازاں بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔
تبصرے