گزشتہ دنوں زہرہ انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ میں اساتذہ اور طلبا کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں آل پاکستان ایکسیلینس ایوارڈ تقریب 2024 کا انعقاد کیا گیا جس میں تعلیمی میدان میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کرنے والے طلبا، اساتذہ اور تعلیمی اداروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ یہ شاندار تقریب دو مراحل میں لالہ زار راولپنڈی میں واقع زہرا انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ میں منعقد ہوئی۔
تقریب کے پہلے مرحلے میں ڈی جی ایف جی ای آئی جناب میجر جنرل قیصر سلیمان مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے مختلف کیٹیگریز میں دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والے طلبا اور مختلف مضامین میں بہترین اساتذہ کو انعامات دیئے۔
تقریب کے دوسرے مرحلے میں انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیویشن لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ مہمان خصوصی تھے ۔
تقسیم ِ ایوارڈز کی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔مہمانِ خصوصی کی جانب سے طلبا، اساتذہ اور سربراہانِ مدارس کو تعلیمی سال 2022 اور 2023 میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر تمغے، سرٹیفکیٹس، شیلڈز، لیپ ٹاپس، کیش پرائز اور تحائف پیش کیے گئے۔ تقریب میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے ان تھک کوششوں کے اعتراف میں واہ ریجن کو ایف جی ای آئی کے بہترین ریجن کا اعزاز بھی دیا گیا۔
مہمان خصوصی، لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ نے اپنے خطاب میں ایف جی ای آئی کے ماضی کے عروج کے دوبارہ حصول پر زور دیا۔ انہوں نے انفراسٹرکچر کی ترقی، سابق طلبا کے ساتھ منسلک رہنے اور اساتذہ کی مہارتوں کو بہتر بنانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ مہمان خصوصی نے تعلیم میں نظم و ضبط کے کردار کو بھی اجاگر کیا جو کسی بھی ادارے کے بنیادی اصول ہوتے ہیں۔ انہوں نے قوم کے مستقبل کو تشکیل دینے میں تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے نصابی سرگرمیوں میں کامیابیاں حاصل کرنے والے اساتذہ اور طلبا کی کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے معیاری تعلیم فراہم کرنے اور ایک سازگار تعلیمی ماحول کو فروغ دینے کے لیے ایف جی ای آئی اداروں کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔
تبصرے