گزشتہ دنوں البرق ڈویژن کی جانب سے "بزم اقبال(فلسفہ توحید)کے عنوان سے ایک جامع علمی وادبی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔جس میں انٹرنیشنل اقبال سوسائٹی، اقبال اکیڈمی پاکستان کے نمائندگان ،گیریژن کے آفیسرز ،سولجرز، ایف جی، آرمی پبلک سکول کے اساتذہ کرام اور بچوں کے علاوہ خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد نوجوانوں میں اقبالیاتی فہم وادراک کو اجا گر کرناتھا ۔ تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل نیک نام محمد بیگ تھے ۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تِلاوتِ کلام پاک اور ترجمہ سے ہوا ۔ اس کے بعد معزز مہمان میاں اقبال صلاح الدین نے علامہ اقبال کے افکار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بتایا کہ علامہ اقبال دنیا کے نا بغہ روزگار شاعر ، بلند پایہ ادیب ، دانشور اور مبلغ اسلام مفکر تھے۔ ان کا کلام جمالیات کا مرقع ہونے کے ساتھ ساتھ دنیا کے کروڑوں انسانوں کے دلوں کی آواز ہے ۔انہوں نے کہاکہ اقبال کی فکر براہ راست قرآن مجید، احادیث مطہرہ اور سیرت طیبہ سے مستفاد ہے۔ ان کی نثری تحریریں اور شاعری فکر اسلامی کے حوالوں سے مزین ہیں۔
آخر میں گیریژن کمانڈر اوکاڑہ نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احترامِ انسانیت اور عدل و انصاف کی اعلیٰ روایات کو فروغ عام تب ہی مل سکتا ہے جب انسانی سیرت و عمل میں انقلاب برپا ہوگا اور دنیا بھر میں حقیقی امن و سلامتی کوپروان چڑھایا جائے گا ۔آزادی فکرو عمل اور حریت دین کے اساسی اصول، اسلام ہی نے تمام دنیا کو عطا کیے ہیں ۔امت مسلم کی شوکت اور سربلندی کی بنیاد توحید رسالت اور قران کریم کی تعلیمات پر استوار ہے اور یہی تصور پوری دنیا میں مسلمانوں کے ملی اتحاد کا سبب ہے ۔
(رپورٹ: میجر محمد ظہیر طاہر)
تبصرے