52 ویں نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ ایوب اسٹیڈیم، ملتان گیریژن میں شاندار کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ یہ چیمپئن شپ پاکستان آرمی کے زیر اہتمام اور ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے تعاون سے منعقد کی گئی، جس نے ملک کی ایتھلیٹک صلاحیت اور مسابقتی جذبے کو نمایاں کیا۔تقریب کا افتتاح اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کیا، جنہوں نے افتتاحی پریڈ کی قیادت کرتے ہوئے پاکستان کے ایتھلیٹک عزائم کی علامتی نمائندگی کی۔ اس ایونٹ میں 14 ٹیموں کے 600 مرد و خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا، جنہوں نے مختلف ٹریک، فیلڈ اور دیگر مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔پاکستان آرمی نے مجموعی کارکردگی کی بنیاد پر پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے دوسری پوزیشن اپنے نام کی۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر سدرن کمانڈ اور ملتان کور، لیفٹیننٹ جنرل احسن گلریزتھے، جنہوں نے فاتح ٹیم کو ٹرافی پیش کی اور چیمپئن شپ کے اعلیٰ معیار اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا۔ 52ویں نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2024 نے پاکستان کے کھیلوں کی تاریخ میں ایک اور سنہری باب رقم کیا اور ملک میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنے کی ایک روشن مثال پیش کی۔
تبصرے