ملٹری کالج جہلم ،سرائے عالمگیرشہر میں عین جی ۔ٹی روڈ پر واقع ایک ایسا تعلیمی ادارہ ہے جسے آسمان دہر پر ماہِ کامل کی طرح اپنی آب و تاب دکھاتے اس برس 2025ء میں سو سال مکمل ہو جائیں گے ۔یہ عظیم ادارہ اپنی درخشندہ روایات ،تابندہ اقدار اور عمدہ نتائج کی وجہ سے جانا جاتا ہے ۔ملٹری کالج جہلم کے ہونہار کیڈٹس اس کالج کے تاج کی زیب و زینت میں دن بدن اضافہ کرتے رہتے ہیں ۔ ملٹری کالج جہلم اپنی سال بھر کی کامیابیوں پر جشن منانے کے لیے ہر سال نومبر کے مہینے میں یوم ِ والدین کی تقریب کا اہتمام کرتا ہے۔ 16 نومبر2024ء کو بھی یوم ِ والدین کی اس تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈر آرمی ایئر ڈیفنس کمانڈلیفٹیننٹ جنرل محمد ظفر اقبال تھے۔ کوارٹر ماسٹر جنرل پاکستان آرمی لیفٹیننٹ جنرل محمدحسن خٹک نے بھی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ان کے علاوہ نیپا لی آفیسرز بریگیڈئیر جنرل مہیش کمار تھاپااور میجر سبتری نے نیپالی کیڈٹس کے ہمراہ تقریب کو رونق بخشی ۔اردو اور انگلش کمنٹیٹرز نے اپنی اپنی خوبصورت آواز میںتقریب کی کمنٹری جاری رکھی ہوئی تھی۔ مہمانان ِ گرامی کو خوشدلی سے خوش آمدید کہا گیا۔ نشان داروں نے اپنی اپنی جگہ سنبھالی۔ پھر میدان کی دائیں جانب سے پریڈ کمانڈر ،کالج پریفیکٹ کیڈٹ ہارون ساجد کی سربراہی میں فلک شگاف آواز میں نعرہء تکبیر بلند کرتے ہوئے پریڈ دستے میدان میں داخل ہوئے ،چابکدستی سے اپنی مقررہ جگہ پر پہنچے اور صف سیدھ کا دلکش مظاہرہ کیا۔ کیڈٹ محمد وقار خالد کی سربراہی میں نو کیڈٹس پر مشتمل پرچم پارٹی، دلیری و شجاعت کا امین سبزہلالی پرچم سر بلند کیے میدان میں داخل ہوئی اور خوبصورت پریڈ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی مقررہ جگہ پر پہنچی ہی تھی کہ بگل بجا کر مہمان ِخصوصی کی آمد کا اعلان کیا گیا ۔ ڈپٹی کمانڈانٹ ملٹری کالج جہلم کرنل ڈاکٹر صبور احمدنے مہمان خصوصی کاپرجوش استقبال کیا۔ پریڈ کمانڈر کی دعوت پرمہمانِ خصوصی نے کمانڈانٹ ملٹری کالج جہلم بریگیڈیئر عمران صدیق کی ہمراہی میں پریڈ دستوں کا معائنہ کیا۔ معائنے کے بعد دلوں کو گرماتا مارچ پاسٹ شروع ہوا۔ جس میں کیڈٹس کا جوش وخروش پکار پکار کر کہہ رہا تھا ۔
بڑی پاک سرزمیں ہے یہاں سنتری کھڑے ہیں
کوئی دشمنوں سے کہہ دے یہاں غزنوی کھڑے ہیں
مارچ پاسٹ کے بعد کیڈٹ ہادی رئیس کی قیادت میں27 کیڈٹس نے انتہائی ماہرانہ انداز میں رائفل ایگزیبیشن ڈرل پیش کر کے حاضرین کے دل موہ لیے ۔ڈرل کے بعد کیڈٹس نے پی ۔ٹی ،کراٹے ،جمناسٹک اور گھڑ سواری کی مختلف مہارتیںبڑی چابکدستی سے پیش کر کے حاضرین سے داد سمیٹی۔شو کے بعد تقسیمِ انعامات کا مرحلہ آیا۔تلاوت ِ قرآن مجید کی سعادت کیڈٹ عثمان انورنے حاصل کی۔ کیڈٹس نے اپنی سریلی آواز میں خوبصورت نغمات سنا کر اُن عالمگیرین شہداء کی یاد تازہ کر دی جن کی روحیں عرش ِ اعظم پر آج بھی اِس عظیم مادر ِ علمی کو پھلتا پھولتا دیکھ کر شاداں و فرحاں ہیں۔ کمانڈنٹ ملٹری کالج جہلم نے سپاس نامہ پیش کیا۔ کمانڈنٹ کی تقریر کے بعدمہمان ِ خصوصی نے بہترین کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے ۔مہمان ِ خصوصی نے اپنی تقریر میںکمانڈانٹ ملٹری کالج جہلم کا شکریہ ادا کیا ،پھرکیڈٹس اور کالج انتظامیہ کو ایک کامیاب اورخوبصورت شو پیش کرنے پر داد دی ۔ انہوں نیجیتنے اور انعام پانے والے طلباء کو بھی مبارکباد دی۔
مہمان ِ خصوصی کی تقریر کے بعد اِن ڈور کلبز (جن میںفائن آرٹس، شوٹنگ ،فزکس، کیمسٹری، بیالوجی اور کمپیوٹر کلب شامل ہیں )کا معائنہ کیا گیا۔ مہمان خصوصی نے اساتذہ کرام ، آفیسر صاحبان اور کیڈٹس کے ہمراہ گروپ فوٹو بنوائی ۔ مہمانوں نے موسیٰ ہال کے لان میں سکاوئٹنگ کلب اور آرچری کلب کاوزٹ کیا ۔اس کے بعد والدین اور اساتذہ کی ایک میٹنگ ہوئی جس میں والدین کو اُ ن کے بچوں کی کارکردگی سے آگاہ کیا گیا ۔
(رپورٹ:مسز عفت حسن )
تبصرے