ملا نصر الدین کی دانائی کے قصے بہت مشہور ہیں۔
ایک دن کچھ لوگوں نے مُلا کو چاقو دکھایا اور کہا، ’’ جانتے ہو،یہ کیا ہے؟‘‘
ملا فوراً بولے، ’’یہ آری کا بچہ ہے۔ابھی اس کے دانت نہیں نکلے۔‘‘
..........
استاد (شاگرد سے): ’’تم سکول دیر سے کیوں آئے؟‘‘
شاگرد: ’’جناب میرا پانچ روپے کا سکہ گم ہو گیا تھا۔‘‘
استاد (دوسرے شاگرد سے): ’’اور تم ؟‘‘
شاگرد: ’’جناب اس کے سکے پر میرا پائوں تھا۔‘‘
..........
ایک دفعہ ایک چھوٹا جن ایک بچے کے پاس آیا اور اسے ڈرانے لگا۔بچے نے معصومیت سے پوچھا ،تم کون ہو؟
’’میں جن کابچہ ہوں۔‘‘
بچے نے فوراً جواب دیا:’’ اچھا تو ریڈیو پرتمہارا ہی اعلان ہو رہا تھا کہ ’’جن کا بچہ‘‘ ہے ،آ کر لے جائیں۔‘‘
.............
استادنے شاگرد سے سوال کیا تو وہ جواب دینے کی بجائے خاموش رہا۔
استاد:’’کیا سوال مشکل ہے؟‘‘
شاگرد:’’ نہیں جناب! جواب مشکل ہے۔‘‘
.............
ایک دوست (دوسرے سے):’’ کیا تمہیں ایسی چار چیزوں کے بارے میں معلوم ہے جن میں دودھ موجود ہوتا ہے؟‘‘
دوسرا دوست (کچھ دیر سوچنے کے بعد):’’ دہی ،کھیر ، اور دو بھینسیں‘‘۔
.............
استاد( شاگرد سے):’’مجھے تین براعظموں کے نام بتائو؟‘‘
شاگرد: ’’سکندر اعظم، اکبر اعظم اور تیسرا میرا دوست بلال اعظم ۔‘‘
.............
کلاس میں بہت شور ہو رہاتھا کہ ماسٹر صاحب غصے سے بولے: ’’احمقو،تم لوگوں میں شرافت نہیں ہے کیا۔‘‘
’’جی وہ پانی پینے گیا ہے ‘‘،پچھلی نشستوں سے آواز آئی۔
.............
ایک بچہ گلی میں کھیل رہا تھا۔ سامنے والے مکان سے ایک کتا نکلا اور اس کے پائوں چاٹنے لگا۔ بچہ روتے ہوئے گھر کی طرف بھاگا۔
ماں نے پوچھا : ’’کیوں رو رہے ہو؟ کہیں کتے نے تو نہیں کاٹ لیا؟‘‘
بچے نے جواب دیا:’’ابھی چکھ کر گیا ہے، کاٹنے کے لیے تو کل آئے گا۔‘‘
.............
ایک طالب علم (دوسرے سے): ’’ اس دفعہ امتحان میں 90فیصد مارکس لینے ہیں۔ ‘‘
دوسرا طالب علم: ’’نہیں، میں تو 100فیصد لوں گا۔‘‘
پہلا طالب علم:’’کیوں مذاق کر رہے ہو۔‘‘
دوسرا طالب علم:’’تو جناب !شروع کس نے کیا تھا؟‘‘
.............
پہیلیاں
(1)
کبھی ہے چھوٹا، کبھی بڑا
بے سہارا فضا میں کھڑا
دن کو جائے، شب کو آئے
پوچھنے والا مجھ کو بتائے
(2)
بند آنکھوں نے اسے دکھلایا
کھولی آنکھ تو غائب پایا
(3)
چار رانیاں اور ایک راجہ
ہر اک کام ہے ان کا ساجھا
جوابات: (1) چاند (2) خواب (3) انگوٹھا
تبصرے