آزاد کشمیر، جو 24 اکتوبر کو اپنی آزادی کا دن مناتا ہے، پاکستان کے شمال میں واقع ایک خوبصورت خطہ ہے جو قدرتی حسن، ثقافتی ورثے اور بے پناہ قربانیوں سے بھرا ہوا ہے۔ یہ سرزمین وہ عظیم مقام ہے جہاں کے لوگ اپنی زمین اور نظریات کی حفاظت کے لیے ہمیشہ سر گرم رہے ہیں۔ یہاں کے دفاع اور ترقی میں پاک فوج کا کردار ناقابل فراموش ہے، جو آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہو کر اس علاقے کو ترقی کی راہوں پر گامزن کرنے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہی ہے۔
24 اکتوبر 1947 آزاد کشمیرکے عوام نے اپنی خودمختاری کا اعلان کیا اور پاکستان کے ساتھ الحاق کیا۔ یہ دن آزاد کشمیر کی تاریخ میں ایک سنگ میل ہے، جب یہاں کے عوام نے اپنی سرزمین کی حفاظت کے لیے عَلمِ بغاوت بلند کیا اور بھارتی قبضے سے نجات حاصل کی۔ اس دن کو مناتے ہوئے، ہم ان ہزاروں شہدا کو یاد کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تاکہ ہم ایک آزاد فضا میں سانس لے سکیں۔
پاک فوج نے آزاد کشمیر میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، تعلیمی نظام کو بہتر بنانے، صحت کی سہولیات فراہم کرنے اور قدرتی آفات سے نمٹنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ فوجی انجینئرنگ کے شعبے نے سڑکوں، پلوں، سکولوں، ہسپتالوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی تعمیر میں حصہ لیا ہے، جس نے اس علاقے کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔پاک فوج آزاد کشمیر کی قومی اور علاقائی تقریبات کے انعقاد میں بھی پیش پیش رہی ہے۔ اپنے شہداء کی یاد میں ہر سال یوم شہداء اور آزادی کی تقریبات کا اہتمام کرتی ہے، جس میں عوام قومی جوش و جذبے کے ساتھ شریک ہوتے ہیں۔ ان تقریبات کا مقصد عوام کو قومی وحدت اور دفاع کے لیے تیار رکھنا ہے ۔
یومِ آزادی، یومِ دفاع، یومِ شہداء اور دیگر اہم قومی دنوں پر فوجی پریڈز، عوامی اجتماعات اور شہداء کی قبروں پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقاریب منعقد کی جاتی ہیں۔یہ تقریبات نہ صرف عوام میں وطن سے محبت اور قربانی کے جذبے کو فروغ دیتی ہیں بلکہ فوج اور عوام کے درمیان رشتے کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
آزاد کشمیر کو بجا طور پر "شہداء کی سرزمین" کہا جاتا ہے۔ یہاں کے لوگوں نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے اپنی سرزمین کی حفاظت کی ہے۔ پاک فوج کے سپاہی بھی اس علاقے کی حفاظت میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے رہے ہیں۔ ہر شہید کی کہانی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ آزادی کی قیمت کیا ہوتی ہے اور ہمیں کس طرح اپنی مادرِ وطن کی حفاظت کرنی چاہیے۔
پاک فوج کے جوانوں نے ہر محاذ پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیااسی طرح لیفٹیننٹ ناصر شہید اور کرنل آصف شہید کی قربانیاں بھی ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ یہ وہ شہدا ہیں جنہوں نے اپنے خون سے اس سرزمین کو سینچا۔ ان کی قربانی نے یہ ثابت کیا کہ پاکستان کے جوان ہمیشہ اپنے وطن کی حفاظت کے لیے ہر حد تک جا سکتے ہیں۔ ان شہداء کی قربانیاں آزاد کشمیر کی آزادی اور پاکستان کے استحکام کے لیے ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
ہمیں لیفٹیننٹ ناصر شہید، کرنل آصف شہید اور دیگر ہزاروں شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنا چاہیے جنہوں نے ہمارے مستقبل کے لیے اپنا آج قربان کیا۔یہی ہماری شہداء کی عظیم قربانیوں کا بہترین خراجِ تحسین ہے۔ آزاد کشمیر کے لوگ پاک فوج سے بہت محبت رکھتے ہیں اور ہر حالت میں شانہ بشانہ کھڑے رہنے کو ترجیح دیتے ہیں ۔ مادر وطن سے محبت انہیں گھٹی میں ملی ہے۔
(رپورٹ:مہتاب زہرا)
تبصرے