رپورٹ برائے ماہنامہ ہلال
صوبہ سندھ میں یومِ دفاع وشہدا کے دن کا آغاز تمام چھائونیوں میں نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی و ترقی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے د عائوں سے ہوا۔ یادگارشہداء ملیر میں شہداء وطن کو خراجِ تحسین پیشں کرنے کے لیے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا ، جس میں شہداء کے خاندان، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل اظہر وقاص، آئی جی سندھ غلام نبی میمن ، حاضر سروس و ریٹائرڈ افسر و جوانوں نے شرکت کی۔ کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخارنے گورنر سندھ کے ہمراہ یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے، سیلوٹ پیش کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر انہوں نے وطن کے دفاع و فرائض کی ادائیگی کے دوران جام ِ شہادت نوش کرنے اور غازی بن کر لوٹ کر آنے والے پاک فوج کے افسروںاور جوانوں کو شاندار الفاظ میں خراج ِ تحسین پیش کیا۔
قبل ازیں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخارنے مزارِ قائدپرحاضری دی،پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور بانی ٔ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
بعدازاں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخارنے بریگیڈئیر سید حسین عباس شاہ شہید اور حوالدار اعظم حسین شہید کے اہلِ خانہ سے انکی رہائش گاہوں پر ملاقات کی۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وطن ِ عزیز کے شہداء کی قربانیاں ہماری سنہری تاریخ ہے ، جس کا ہر فرد گواہ ہے۔ شہداء کے خاندانوں کا جذبہ اور صبر قابلِ تقلید ہے، ہم سب کو آپ لوگوں پر فخر ہے۔یومِ دفاع و شہداء منانے کا مقصد اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ وطن کا دفاع ہر قیمت پر مقدم ہے۔
تبصرے