یوم دفاع و شہداء کے موقع پر لیفٹیننٹ جنرل اختر نوازستی،کمانڈرسدرن کمانڈ و ملتان کورنے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے خصو صی د عا کی۔اس موقع پرمیجر جنرل محمد شہزاد خان، جنرل آفیسر کمانڈنگ بھی کمانڈر کے ہمراہ تھے۔اس تقریب میں تینوں افواج کے افسران، جوانوں، سابق فوجیوں، شہداء کے اہل خانہ، سول انتظامیہ کے معززین اور مختلف سکولوں اور کالجوں کے طلباء نے شرکت کی۔ اس تقریب کا مقصد اِن شہدا ء کو خراج تحسین پیش کر نا تھا جنہوں نے ملک و مادر وطن کی سا لمیت، خود مختاری اور وقار کو یقینی بنانے کے لیے فرض کی ادائیگی میں لازوال قربانیاں دیں۔
دریں اثناء یوم دفاع و شہداء کے موقع پر ملتان اور اوکاڑہ گیریژن میں جنگی سازوسامان کی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ ان نمائشوں کا مقصد پاکستان کے شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ، جذبہ حب لوطنی کو ابھارنا اور فوجی زندگی میں عوامی دلچسپی کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ ملتان اور اوکاڑہ کے مختلف سکولوں اور کالجوں کے طلباء سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے جنگی سازوسامان کے سٹالز کا دورہ کیا۔شرکاء ہتھیاروں، فوجی گاڑیوں اور مواصلاتی آلات کی نمائش سے بہت متاثر ہوئے۔ یوم دفاع کی یہ تقریبات پاک فوج کی صلاحیتوں کا مظہرہیں۔اس طرح کی تقریبات مسلح افواج اور عوام کے درمیان رشتہ مزید مضبوط کرنے میں اہم کرداراداکرتی ہیں۔
تبصرے