یوم دفاعِ پاکستان صرف ایک دن نہیں بلکہ استعارہ ہے شجاعت،استقامت اور یکجہتی کا جس کا مظاہرہ غیور پاکستانی قوم اور بہادر افواج پاکستان نے1965 کی جنگ میں کیا ۔دنیا نے دیکھا کہ جب دشمن نے جنگ مسلّط کی تو کس طرح پوری پاکستانی قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ ایک آہنی دیوار کی مانند دکھائی دی اور دشمن کو وہ سبق سکھایا جس کی مثال نہیں ملتی ۔ 65 کی جنگ کے بعد بھی وطن کوجب بھی کسی چیلنج یا کٹھن مرحلے کا سامنا ہوا تو پوری قوم اپنی مسلح افواج کیساتھ کندھے سے کندھا ملائے کھڑی دکھائی دی۔ دہشت گردی کے عفریت ہی کو لے لیجیے۔ اس کے خاتمے کے لیے افواج پاکستان اور قوم نے جس انداز سے جانوں کی قربانیاں پیش کر کے ثابت قدمی، دکھائی پوری بین الاقوامی برادری اس کو سراہنے پر مجبور ہوگئی۔ یہ حقیقت اپنی جگہ مسلم ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے نبرد آزما تمام افواج میں سے صرف افواج پاکستان کی قربانیاں ہی زیادہ رہیں اور کامیابیوں کا گراف بھی سب سے بہتر رہا ۔
الحمدﷲ افواجِ پاکستان اور قوم نے دفاعِ وطن کو یقینی بنانے میں کبھی کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا۔ یہی وجہ ہے کہ آئے روز ہمارے جری سپوت دفاعِ وطن کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ ملک کی مغربی سرحدیں ہوں یا مشرقی سرحدیں یا کوئی اور کٹھن محاذ،وطنِ عزیز کے بہادر غیور بیٹے ڈٹ کر پیش قدمی کرتے ہوئے دشمن کو ناکوں چنے چبواتے ہیں لیکن وطن پر کوئی آنچ نہیں آنے دیتے۔
افواج پاکستان اور قوم کی یہی کامرانیاں پاکستان دشمن عناصر کو ہضم نہیں ہو رہیں اور وہ آج بھی وطن عزیز کے خلاف بالعموم اور افواج پاکستان کے خلاف بالخصوص سازشوں کے جال بننے میں سرگرم ہیں ۔ اس کے لیے سوشل میڈیا اور فیک نیوز کو بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے ۔ جس کا ریاست کی سطح پر بہترین انداز میں توڑ کیا جا رہا ہے ۔ یومِ آزادی کے موقع پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے اپنے ایک خطاب میں کہا کہ قوم کا فوج پر غیر متزلزل اعتماد ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہے۔ مجھے پختہ یقین ہے کہ کوئی منفی قوت اعتماد کے اس رشتے کو کمزور نہیں کرسکتی اور نہ ہی آئندہ کرسکے گی۔ انہوںنے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ملک کے اندرونی اور بیرونی دفاع کی قسم کھا رکھی ہے جس کی آبیاری وہ اپنے خون سے کررہی ہے۔
بانیِ پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح نے اپنے ایک خطاب میں فرمایا تھا '' اپنے وطن سے محبت کرنے والی اور وطن کی خاطر قربانی دینے کا جذبہ رکھنے والی قومیں تاریخ کے صفحات پر ہمیشہ عزت و وقار کے ساتھ جگہ پاتی ہیں۔''بلاشبہ ہماری قوم اور مسلح افواج قائداعظم کے اقوال کی روشنی میں جس انداز سے دفاعِ وطن کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں وہ اس امر کی عکاسی کرتے ہیں کہ ملکی دفاع الحمدﷲ مضبوط ہاتھوں میں ہے اور دشمن کو ہمیشہ کی طرح مستقبل میں بھی منہ کی کھانا پڑے گی۔
پاکستان ہمیشہ سلامت رہے
تبصرے