گزشتہ دنوں البرق ڈویژن کی جانب سے ای ایم ای بٹالین کے زیر سرپرستی اقبال اور اس کی نہ ختم ہونے والی مطابقت کے عنوان سے ایک پروقار علمی و ادبی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔جس میں اوکاڑہ ڈسٹرکٹ کے انٹرنیشنل اقبال سوسائٹی کے نمائندگان گریژن کے آفیسرز، سولجرز، ایف جی پبلک سکول کے اساتذہ کرام اور بچوں کے علاوہ خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔تقریب کا مقصدعصر حاضر میں اقبالیاتی فہم و ادراک کو اجاگر کرنا تھا ۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور ترجمہ سے ہوا۔ جس کی سعادت النور سپیشل سکول کے بچوں نے حاصل کی۔ اس کے بعد ایف جی پبلک سکول کے بچوں نے محصور کن دھنوں میں کلام اقبال (شکوہ جواب شکوہ )پیش کر کے حاضرین کے دل جیت لیے۔ تقریب کے معزز مہمان ِمقرر فہد علی کاظمی نے اقبال کے افکار کو خراج تحسین پیش کیا اور بتایا حکیم الامت علامہ محمد اقبال ایک عظیم مفکر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک ایسے الہام نواشاعر تھے جنہوں نے نہ صرف مسلمانوں بلکہ پوری بنی نوع انسان کو اپنے حیات بخش پیغام سے نوازا۔ ان کے احساس کمتری کو دور کر کے ان میں خودی اور خودداری کا جذبہ پیدا کیا ۔عمل سے غافل کو سعی و پیہم کا درس دیا ۔زندگی کے ان بنیادی حقائق کو شاعری کا موضوع بنایا جو قوموں اور جماعتوں کی سیرت و کردار کی تعمیر و تشکیل میں معاون ثابت ہو۔ خودی کا تصور اقبال کا فکری اساسی اور مرکزی تصور ہے۔ اقبال نے اس لفظ کو تکبر، غرور اور نخوت کے منفی معنوں سے نجات دلا کر قرآن کے تناظر میں استعمال کیا۔ اقبال نے اس کی بنیاد قرآن پاک کی سور المائدہ آیت نمبر 105 پر رکھی جس میں اہل ایمان اور خودی کی حفاظت فرض قرار دی گئی۔ اقبال خودی سے عرفان نفس شعور ذات مراد لیتے ہیں ۔
کیمرج یونیورسٹی کے پروفیسر نکلسن نے اسرار خودی کا انگریزی منظوم ترجمہ (Secret of the Self)کیا ۔جس نے 1920 میں منصہ شعود پر آتے ہی اہل علم کو چونکا دیا۔ مثنوی اسرار خودی زبردست آواز ہے جو مسلمانوں کو محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور قرآن کی طرف بلاتی ہے اور اس آواز میں سوز و صداقت ہے جس کو سراہے بغیر نہیں رہا جا سکتا۔ اقبال کے نزدیک اسلامی نظام حیات اخلاقی طور پر تین وسیع اصولوں پر استوار ہے جس میں اتحاد انسانیت(Human Solidarity) مساوات(Equality) اور حریت فکروعمل (Freedom of Thought and Action)خودی کی تعمیر و تکمیل اور اجتماعی بہتری کا خواب مذہبی بیداری کے بغیر شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
تقریب کے اختتام پر جی او سی البرق ڈویژن میجر جنرل نیک نام محمد بیگ نے اقبال کی عصری اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ علامہ محمد اقبال ایک عظیم فلاسفر ،شاعر، ادیب اور دانشور کے علاوہ عصر حاضر کے روشن خیال ملت مفکر بھی تھے ۔بیسویں صدی میں یقینا آپ کے انقلابی فکر و فلسفہ سے عالم انسانیت کو بالعموم اور عالم اسلام کو بالخصوص ایک نیا جذبہ اور ولولہ ملا جس کی ضیا پاشیوں سے اثر حاضر میں بھی تمام انسانیت بالحاظ مذہب و ملت روشنی حاصل کرتی جا رہی ہے۔ بعد ازا ں جی او سی البرق ڈویژن نے مہمان مقرر کو خصوصی تحائف سے نوازا اوربچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے حاضرین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
(رپورٹ: میجر ذیشان اسلم)
تبصرے