اہلِ وطن کو جشنِ آزادی بہت مبارک ہو۔
پاکستان ہمارا پیارا وطن ہے۔ یومِ آزادی کے پُرمسرت موقع پر دل، جذبات اور والہانہ پن سے لبریز ہے ۔ اپنی مٹی سے محبت ایک عجیب سرشاری اور سکون بخشتی ہے۔
تاریخ گواہ ہے کہ قیامِ پاکستان کے لیے بے شمار قربانیاں دی گئیں۔لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کیا، گھر بار لٹائے، بچے تہہ تیغ ہوئے، مال و اسباب چھوٹ گیا۔ سب کچھ کھویا تو ارضِ پاک جیسی نعمت حاصل ہوئی۔
ہم نے جب آنکھ کھولی تو پاکستان کو بنے ایک عرصہ گزرچکا تھا۔ ہوش سنبھالنے اور پروان چڑھنے پر ہم یہ جان چکے تھے کہ ہم خوش نصیب ہیں جو ایک آزاد ملک کے باشندے ہیں، غلامی کی زنجیروں سے آزاد، محکوم ہونے کے غم سے آزاد، قتل و غارت گری کے خوف سے آزاد، ایک بے مثال ملک کے شہری ہیں۔ ہمارے اجداد نے ہجرت کی داستان ہمیں بچپن میں ہی سنا دی تھی۔ شاید اسی لیے ہم اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ اپنے پیارے وطن کی آزاد فضائوں میں سانس لیتے ہیں۔ کوئی غاصب، کوئی ظالم ، کوئی بیرونی آقاہم پر مسلط نہیں۔ ہم تو پاکستانی ہیں۔ الحمدﷲ! شاید اسی سبب اگر کوئی ہم سے پوچھتا ہے کہ آپ کا تعلق کہاں سے ہے تو ہمارا جواب ہمیشہ یہ ہوتا ہے کہ ہم اور ہمارے والدین سب پاکستانی ہیں اور بس یہی پہچان ہے، یہی قبیلہ ہے، یہی ذات ہے، یہی ہے سب کچھ۔
اس بات کو اُس وقت زیادہ تقویت ملتی ہے جب آپ پاکستان سے باہر کسی دوسرے ملک میں جاتے ہیں۔ وہاں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کون سے طُرّم خان ہیں وہاں صرف اور صرف آپ پاکستانی ہی کہلائے جاتے ہیں۔ یہ پہچان آپ پر بھاری ذمہ داری بھی عائد کرتی ہے، اپنے اخلاق، کردار، اطواراور برتائو کی ذمہ داری، ذراسی کوتاہی، ہمارا ذاتی نقصان نہیں بلکہ اس سے اجتماعی طور پر ملک کی بدنامی کا احتمال ہوتا ہے۔
اب ذرا سوچیں کہ اس پاک وطن کا دفاع کرنے والے، اس کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے، اس کے بہادر اور نڈر فوجی جوان، جو دن رات صرف ارضِ مقدس کی خدمت اور اس کی حفاظت میں لگے ہیں، اُن کا کتنا اعلیٰ اور بلند مقام ہے۔ کوئی موقع ہو، عید ہو، تہوار ہو، سب لوگ اپنے خاندان والوں اور دوستوں کے ساتھ خوشیاں مناتے ہیں مگر ہمارے فوجی جوان ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بناتے ہوئے اپنے فرض کی ادائیگی پر اپنوں سے دور کہیں تعینات ہوتے ہیں۔ جو وقت ہم اپنے احباب کے ساتھ ملنے جلنے گھومنے پھرنے، کھانے پینے میں صرف کرتے ہیں، کیا ہمیں احساس ہے کہ ہمارے فوجی بھائی ڈیوٹی پہ ہوتے ہیں۔ اہلِ وطن کے لیے، ہم سب کی حفاظت کے لیے وہ کہیں سیاچن کی برف پوش وادیوں میں، سنگلاخ چٹانوںیاصحرائوں میں، میدانوں میں، سمندروں میںیا فضائوں میںڈیوٹی سرانجام دے رہے ہوتے ہیں۔
اگر ہم اپنے وطن سے پیارکرتے ہیں، اس کی قدرکرتے ہیں تو ہمیں لازمی اپنی افواج کی قدرو منزلت کا اندازہ کرنا ہوگا۔اُن شہیدوں کی قربانیوں کو یاد کرنا ہوگا جو انہوں نے عوام کے لیے دیں۔
آج کل موبائل کا زمانہ ہے، سبھی کچھ اس میں موجود ہے۔ کیمرہ ، گھڑی، کیلکولیٹر، کیلنڈر، تصاویر، ویڈیو، اب اکثر لوگ سوثل میڈیا کا استعمال کرتے ہیں اور جو جی کرتا ہے، پوسٹ کردیتے ہیں۔ ہمیں لگتا ہے کہ شاید کچھ لوگوں کو انٹر نیٹ اور سوشل میڈیا کا تو پتہ ہے لیکن اس کے درست استعمال کا انہیں ادراک نہیں۔ سوشل میڈیا پر لوگ اپنی آراء کا اظہار کرتے ہیں۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ غیر مصدقہ غلط سلط خبریں بھی سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلائی جاتی ہیں۔افواہیں، غیر ضروری باتیں، الزامات وغیرہ وغیرہ۔ اس طرح کی پوسٹس لوگ بغیر تحقیق کے آگے فارورڈ کردیتے ہیں جس سے غلط فہمیاں پھیلتی ہیں۔
سوشل میڈیا کا درست استعمال ایک بڑا چیلنج ہے۔ اس سے بعض ناعاقبت اندیش حضرات لوگوں کی ذہن سازی بھی کرتے ہیں، انہیں ورغلانے کی مذموم کوشش کرتے ہیں جو ایک بھیانک جرم ہے۔
ہمیں اس فتنے سے بچنا ہوگا۔ اپنی نوجوان نسل کو آگاہی دیناہوگی۔ منفی پروپیگنڈے کے بجائے مثبت باتوں کو فروغ دینا ہوگا۔ ساتھ ہی ایسے افراد اور سوشل میڈیا پوسٹوں پر نظر رکھنا ہوگی جو ملک کے مفاد میں نہ ہوں۔اداروں کے خلاف کی جانے والی پوسٹیں دراصل ایک بہت خطرناک سازش ہے۔ ہمیں بحیثیت پاکستانی اسے روکنا ہوگا، اس کی مذمت کرنا ہوگی۔ ہمیںوطن کی ترقی میں اپنا فرض ادا کرنا ہوگا، اداروں کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگااور ایک محبِوطن پاکستانی ہونے کا ثبوت دینا ہوگا۔
ہرلحظہ ہے مومن کی نئی شان نئی آن
گفتار میں ، کردارمیں اﷲ کی برہان
لوگوں کو سمجھنا ہوگا کہ افواہوں پہ کان دھرنا خود اُن کے لیے نقصان دہ ہے۔ ملک و ملت سے مخلص لوگ کبھی منفی پروپیگنڈا نہیں کرتے۔ سوشل میڈیا کے ذریعے زہر پھیلانا ایک بھیانک جرم ہے۔ اِن سازشوں کو بے نقاب ہونا چاہیے اور عوام کو بھی چاہیے کہ ایسی پوسٹوں کو قابل توجہ نہ سمجھیں جو قومی وقار کے منافی ہوں۔ پاکستان کی افواج ہمارا فخر اور ہمارا غرور ہیں۔ یہ پاک فوج ہی ہے جو ہر محاذ پہ اہلِ وطن کے لیے ڈٹی ہوئی ہے۔ یہ ہمارے فوجی جوان ہیں جو اپنی زندگیاں ہمارے لیے قربان کرتے ہیں۔ آج اگر دشمن پسپا ہے تو صرف افواجِ پاکستان کی وجہ سے۔ ہماری بہادر سپاہ نے نہ صرف قومی دفاع مضبوط کیا بلکہ پورے خطے میں اپنی اہمیت اور جرأت کو ثابت کیا۔ پاک فوج کا شمار دنیا کی ایسی بہترین افواج میں ہوتا ہے جن کی بین الاقوامی سطح پر ستائش اور پذیرائی کی جاتی ہے۔ آج اگر ہم اپنے گھروں میں چین کی نیند سوتے ہیں تو پاک فوج کی وجہ سے، آج اگر ہم محفوط ہیں تو صرف پاک فوج کی وجہ سے۔ پاک فوج کی وجہ سے ہی دشمن ہم پر برُی نظر نہیں ڈال سکتا۔ اسی کی وجہ سے ملک میں سلامتی اور استحکام ہے۔
ہمارے بہت دشمن ہیں، بہت سے ایسے عناصر ہیں جنہیں پاکستان کے وجود اور ترقی سے پریشانی ہے۔ یہی عناصر عوام اور فوج کے بیچ فاصلے پیدا کرنے کی ناکام کوششیں کررہے ہیں۔ ان کے مذموم مقاصد کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ افواج پاکستان اور پاکستانی عوام کے دل ہمیشہ جڑے رہے ہیں اور رہیں گے۔ پاکستانی عوام افواجِ پاکستان کی تعظیم دل و جان سے کرتے ہیں اور ہمیشہ کرتے رہیں گے۔ اہلِ وطن پر جب بھی کبھی کوئی مشکل گھڑی آئی، پاک فوج نے ان کی مدد کی۔ چاہے سیلاب ہویا زلزلہ یاپھر کوئی اور ناگہانی آفت، ہماری فوج نے بھرپور طریقے سے عوام کی مدد کر کے انہیں بچایا ہے۔ قدرتی آفات سے متاثرین کی امداد، ان کی بحالی ، ان کے لیے متبادل رہائش، خوراک، گھروں کی تعمیر سبھی کچھ تو کیا ہے ہماری افواج نے۔
بے شک ہم عوام اپنی افواج سے پیار کرتے ہیں، ان کی عزت کرتے ہیں، ان کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہیں اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ہمارے پیارے وطن میں اللہ نے بہت نعمتیں دی ہیں۔یہ وطن ہمیں جان سے زیادہ عزیز ہے۔ اس وطن کی بدولت ہی ہماری عزت و قار ہے۔
افواج پاکستان، ارضِ پاک کی حفاظت پر مامور ہیں اور اسے ہر طرح کے خطرات سے بچاتی ہیں۔ پاکستانی عوام اپنی افواج کی خدمات کے معترف ہیں اور اسے سلام پیش کرتے ہیں۔ ان شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوںنے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر وطن عزیز کو بچایا۔ بے شک ہماری افواج ہماری سلامتی کی ضامن ہیں۔ عوام اس بات کا ادراک رکھتے ہیں اور دل و جان سے اس کی قدر کرتے ہیں۔
یوم آزادی کے موقع پر جہاں ہر طرف ملی نغمے سنائی دے رہے ہیں، برقی قمقے جگمگا رہے ہیں۔ یہ بات سب ہی کو معلوم ہونی چاہیے کہ یہ آزادی ایک نعمت عظمیٰ ہے۔ اس آزادی کے حصول کے لیے جو قربانیاں دی گئی ہیں انہیں یاد رکھنا چاہیے۔ کبھی نہ بھولیں، ان خوشیوں میں ان شہداء کا خون شامل ہے ملک کی سلامتی پرجنہوںنے اپنی جانیں نچھاور کیں۔ اُنہی کی قربانیوں کی وجہ سے سب کچھ ہے۔ اس گلستان کے پھولوں کی آبیاری افواج پاکستان نے اپنے لہو سے کی ہے۔
دعا ہے کہ یہ وطن ہمیشہ قائم و دائم رہے، ترقی کرے اور سدا سلامت رہے۔
پاکستان زندہ باد
افواجِ پاکستان پائندہ باد
تبصرے