''سوشل میڈیا کے مثبت اور درست استعمال کی اہمیت'' پڑھنے کا موقع ملا۔ یہ معلومات سے بھرپور ایک مضمون تھا۔ سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے کہنا چاہوں گا کہ دنیا میں ہمیشہ سے ایسی قوتیں کارفرما رہی ہیں جو اپنی مقصدبراری کے لیے عوام اور خصوصاً نوجوان نسل کو غلط معلومات کے ذریعے گمراہ کرنے کے لیے کوشاں رہتی ہیں۔ ایسی قوتوں کا مقصد معصوم ذہنوں کو بھٹکا کر اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل ہوتا ہے۔ موجودہ دور میں ایسی قوتیں اپنے یہ مقاصد سوشل میڈیا کے ذریعے پورا کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ پاکستان میں کچھ عرصہ سے سوشل میڈیا کے بے دریغ استعمال کی وجہ سے ملک دشمن قوتیں اپنے مقاصد کی تکمیل کے لیے اسے بھرپور طریقے سے استعمال کررہی ہیں۔
پاکستان میں ٹویٹر کے بہت کم استعمال کے باوجود، معاشرے پر اس کا اثر بہت اہم ہے ۔سوشل میڈیا اور خاص طور پر ٹویٹر سے پیدا ہونے والے چیلنجز کئی گنا ہیں، جن میں علیحدگی پسندی، مذہبی انتہا پسندی فرقہ وارانہ منافرت، دہشت گردی اور ہائبرڈ وارفیئر شامل ہیں۔حال ہی میں اس رجحان میں شدت آئی ہے، اکثر ایسا مواد بغیر سوچے سمجھے فارورڈ کردیا جاتا ہے جس کا مقصد فوج کے بارے میں گھنائونے تاثرات کو تشکیل دینا یا سول ملٹری تعلقات کو متاثر کرنا ہوتا ہے۔ وطن عزیز کی سلامتی اور بقاء کے لیے حالات کا تقاضا ہے کہ ہم سب اپنی اپنی سیاسی وابستگی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بحیثیت پاکستانی وطن کے مفادات کو مقدم جانیں اور کوئی ایسا قدم نہ اُٹھائیں جس سے ملک دشمن عناصر کو کھل کھیلنے کا موقع مل سکے۔ ہمیں ہر حال میں وطن کی سلامتی اور بقا کو مد نظر رکھنا چاہئے یہ سوچنا چاہئے کہ یہ سیاست، یہ پارٹیاں وطن پاکستان کی وجہ سے ہی ہیں۔ کوئی ایسا اقدام اُٹھانے سے گریز کرنا چاہئے کہ جس کی قیمت خدانخواستہ وطن کی سلامتی کی صورت میں ادا کرنا پڑے۔
(عبدالرزاق ابڑو، لاڑکانہ)
تبصرے