چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے فوجیوں کے ساتھ عیدالاضحی منانے کے لیے حاجی پیر سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا۔اس موقع پر آرمی چیف نے فرنٹ لائن پر افسروں اور جوانوں کے ساتھ عید کی نماز ادا کی اور پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔ اس تہوار کے موقع پر آرمی چیف نے پاکستان کے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے مادر وطن کے دفاع کے لیے ان کی لگن، بلند حوصلے اور عزم کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بطور فوجی، اپنے ملک اور ہم وطنوں کی سلامتی کو یقینی بناتے ہوئے ہم ڈیوٹی کے دوران اپنے گھروں اور پیاروں سے دور اس طرح کے تہوار منانے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق پاکستان کے اصولی مئوقف کااعادہ کیا۔ انہوں نے کشمیریوں کے خلاف بھارت کے جاری ظلم و بربریت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت انتخابات کے بعد پاکستان کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے اور اشتعال انگیزیوں سے اپنی جارحیت اور کشمیری عوام کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس طرح کے ہتھکنڈے بشمول جعلی فلیگ آپریشنز بھارت کا ایک معمول کا سیاسی آلہ بن چکے ہیں۔ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کی حمایت کی ہے۔ تاہم، کسی بھی اشتعال انگیزی یا پاکستان کی علاقائی خودمختاری کی خلاف ورزی کا فوری اور پرعزم جواب دیا جائے گا۔قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر راولپنڈی نے ان کا استقبال کیا۔
تبصرے