السلام علیکم و رحمۃ اللہ!
پیارے بچو! کیسے ہیں آپ۔۔۔؟ اُمید ہے آپ سب خیریت سے ہوں گےاور گرمی کی چھٹیوں کے خوب مزے لے رہے ہوں گے۔ اس دفعہ گرمی کی شدت بہت زیادہ ہے جس کی وجہ سے باہر نکلنا مشکل ہو گیا ہے۔ تو کیوں کہ ہم گھر کے اندر کچھ مزے دار اور تعلیمی سرگرمیاں اپنائیں۔ اس سے آپ کا وقت اچھا اور مفید گزرے گا اور آپ بو ربھی نہیں ہوں گے ۔ ہم کچھ دلچسپ اور مفید مشغلے آپ کے ساتھ شیئر کرتے ہیں۔
پزل گیمز کھیلیں، یہ سرگرمی نہ صرف دلچسپ ہے بلکہ دماغ کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔ مختلف موضوعات پر کتابیں اور رسائل پڑھیں، جیسے اصلاحی کہانیاں، اسلامی تاریخ، پاکستانی ادب، سائنس کی کتابیں یا کوئی بھی موضو ع جو آپ کو پسند ہو۔ آرٹ اور کرافٹ میں دلچسپی لیں۔پینٹنگ ، ڈرائنگ یا کسی بھی چیز سے کچھ نیا بنائیں۔ یہ سرگرمی نہ صرف دلچسپ ہے بلکہ آپ کی تخلیقی صلاحیتوں کو بھی نکھارتی ہے۔ اسی طرح گھر پر چھوٹے چھوٹے سائنس کے تجربات بھی کیے جا سکتے ہیں جیسے کہ پانی کے ساتھ مختلف تجربات، پودے اگانا وغیرہ۔
کمپیوٹر کے بارے میں بھی آپ بہت سی معلومات حاصل کر سکتے ہیں بلکہ بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ ان میں سب سے پہلے ٹائپنگ آتی ہے۔ آپ انگریزی کے ساتھ ساتھ اُردو ٹائپنگ میں مہارت حاصل کر سکتے ہیں۔ اسی طرح ایم ایس آفس ، پاور پوائنٹ ،ایکسل ، ان پیج وغیرہ سیکھنا بھی مفید ہے۔ کورل ڈرا،فوٹو شاپ اور ان ڈیزائن سیکھ کر آپ ڈیجیٹل دور کے تخلیق کار بن سکتے ہیں۔یہ سب ایسے ٹولز ہیں جو مستقبل میں آپ کے بہت کام آنے والے ہیں۔
ایک اور مشغلہ نئی زبان سیکھنا بھی ہے جیسے انگریزی، عربی یا چینی زبان۔ یہ سرگرمی نہ صرف دلچسپ ہو گی بلکہ مستقبل میں آپ کے لیے فائدہ مند بھی ثابت ہو سکتی ہے۔ اسی طرح کچن میں امی جان کی مدد کرنے کے ساتھ ساتھ کھانا پکانے کی نئی نئی ترکیبیں سیکھ سکتے ہیں۔ یہ تجریہ آپ کو اپنے کام خود کرنے کے قابل بنائے گا اور کھانے کی قدر بھی سکھائے گا۔ پھر آتی ہے تاریخ اور جغرافیہ۔ مختلف ممالک کے بارے میں معلومات حاصل کریں اور ان کے نقشوں سے ان کے محل وقوع پر غور کریں۔ مختلف ثقافتو ں اور علاقوں کے بارے میں بھی جاننے کی کوشش کریں۔
ساتھیو! جب گرمی کی شدت کم ہوجائے تو پھر سیر و تفریح پر بھی ضرور جائیں۔ آپ جانتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے شمار قدرتی حسن سے نواز رکھا ہے اور اس کے موسم بھی رنگا رنگ ہیں۔ آپ ان قدرتی نظاروں اور سہانے موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے آزاد کشمیر اور شمالی علاقوں میں جا سکتے ہیں۔ مری، ناران، کاغان وغیرہ ان دنوں قدرے خوشگوار علاقے سمجھے جاتے ہیں۔ لیکن یاد رکھیں، جہاں بھی جائیں سب سے پہلے ان علاقوں کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کرلیں تاکہ راستے میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ یہ معلومات موسم ، راستوں کی رکاوٹوں کے بارے میں ہو سکتی ہے۔ ان دنوں چونکہ رش بہت زیادہ ہوتا ہے لہذا پوری پلاننگ کے ساتھ سفر کریں۔ اس سلسلے میں آن لائن ایپلی کیشنز کافی حد تک درست معلومات فراہم کرتی ہیں، آپ ان سے مدد لے سکتے ہیں۔
اس شمارے میں گرمی کی چھٹیوں کے حوالے سے خاص کہانیاں اور مضامین شامل ہیں۔ ان میں آپ کو سیاحتی مقامات کے بارے میں معلومات کے ساتھ ساتھ سیر و سیاحت کے آداب بھی پڑھنے کو ملیں گے۔ اسی طرح آپ کو انڈور گیمز اور سرگرمیوں کے بارے میں بھی بہت سے آئیڈیاز ملیں گے اور ہاں، ان دنوں اپنی صحت کا خیال رکھنا نہ بھولیں۔ گرمی میں باہر نہ نکلیں اور اگر جانا ضروری ہو تو سر اور چہرے کو ڈھانپ کر رکھیں اور دھوپ سے بچنے کی کوشش کریں۔ پانی اور گھریلو مشروبات کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔ یاد رکھیں! قدرتی ماحول کی بحالی میں ہی انسانی بقا ہے۔ درجہ حرارت میں اس قدر اضافہ انسانی سرگرمیوں کا نتیجہ ہے۔ اگر ہم نے آبادی پر قابو نہ پایا ، درختوں کی کٹائی بند نہ کی ، شجر کاری کو فروغ نہ دیا اور آلودگی کم نہ کی تو بڑھتا ہوا یہ درجہ حرارت انسانی زندگی کو خطرے میں ڈال دے گا! اس بات پر سنجیدگی سے غور ضرور کیجیے گا!
اب اگلے شمارے تک کے لیے اجازت دیجیے۔ ہمیں آپ کی ای میلز اور خطوط کا انتظار رہے گا۔
تبصرے