افواجِ پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرکی جانب سے ہلال ڈیجیٹل کا آغازایک عمدہ کاوش ہے۔ ایک کے بعد دواور پھر چارمختلف میگزینوں کی اشاعت اور مقبولیت کےبعد اب انہیں نئے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت تھی۔ قارئین کا بھی کافی عرصے سے اصرار تھا کہ ہلال کے تمام ایڈیشنز کو ڈیجیٹل کردیا جائے تاکہ وہ جہاں کہیں بھی ہوں ایک کلک سے اپنے پسندیدہ مضامین، کہانیاں اور نظموں کو پڑھ سکیں۔ اس طرح یہ پاکستان کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں موجود اپنے قارئین تک بآسانی پہنچ جائے۔
قارئین کا یہ خواب پورا ہوچکا ہے اور ہلال ڈیجیٹل اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر جلوہ افروز ہے۔اب قارئین محض ایک کلک سے ہلال پبلیکیشنز کے تمام میگزینز تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں، دلچسپ پوسٹیں دیکھ سکتے ہیں اورنت نئے موضوعات کے ذریعے اپنی معلومات اور وژن میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ واٹس ایپ، فیس بک، انسٹا گرام اور یوٹیوب پرہلال کے تمام ایڈیشنز ایک پیشہ ورانہ اعلیٰ معیار کا اظہار کرتے نظر آتے ہیں۔ سب سے بڑی بات ہے کہ اس سے ہر عمراور ہرجنس کے افراداپنی دلچسپی کے مطابق استفادہ کرسکتے ہیں۔
’’ہلال اردو‘‘ اور’’ ہلال انگریزی‘‘ جہاں ملکی اور عالمی موضوعات، تاریخ، شہدا وطن کی کہانیوں، سائنس و ادب اور افواج پاکستان کی سرگرمیوں کا احاطہ کرتے ہیں وہیں ’’ہلال فار ہر‘‘خواتین کی دلچسپی کے مختلف موضوعات پر بہترین معلومات فراہم کررہا ہے۔ اسی طرح اردو میں ’’ہلال برائے اطفال‘‘اور انگریزی میں ’’ہلال فار کڈز‘‘بچوں کی تعلیم و تربیت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
ہلال ڈیجیٹل کی خوبی یہ ہے کہ اس کی ہر پوسٹ یا ویڈیو کا آغاز مختصر اور دلچسپ ابتدائیہ سے ہوتاہے جو ایک نظر میں قارئین کو لنک پر کلک کرنے پر مجبور کردیتا ہے۔ لنک پر کلک کرتے ہی وہ انہیں ہلال کے ویب پیج پر پہنچا دیتا ہے جہاں وہ اس مضمون، کہانی یا خبر کا تفصیل سے مطالعہ کرسکتے ہیں۔
اس طرح ہلال اپنی روایات کے مطابق جدت کے راستے پرگامزن ہے۔ یہ پاکستان اور اس کے باسیوں کو نہ صرف اسلاف کے کارناموں، تاریخی واقعات اور افواج پاکستان کی قربانیوں سے روشناس کروارہا ہے بلکہ دوراندیش اور مدلل مضامین اور تجزیوں کے ذریعے مستقبل کے تقاضوں کے بارے میں بھی آگاہ کررہا ہے۔
ہلال پرنٹ اور ڈیجیٹل ٹیم کو ان کی بہترین کاوشوں پر مبارک باد۔
عبیداللہ عباس،
راولپنڈی
7جون 2024
تبصرے