تہذیبی روایا ت اور ثقافتی اقدار کا اظہار باہمی تعلق کو مضبوط ،مستحکم اور ناقابلِ تسخیر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ اِسی کی بدولت باہمی محبت و اخوت اور ایثار و ہمدردی کے رشتے پروان چڑھتے ہیں۔ گزشتہ دنوں ملٹری کالج مری کو"یوتھ ایکسچینج پروگرام"کے تحت نیپالی کیڈٹس کے ایک وفد کی میزبانی کا شرف حاصل ہوا۔
نیشنل کیڈٹ کو رنیپال کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل سریش کی سر براہی میں ایک لیڈی آفیسراور دس کیڈٹس پر مشتمل وفد نے ملٹری کالج مری کا دورہ کیا۔ ملٹری کالج مری میں معزز مہمانوں کی آمدپر کمانڈنٹ ملٹری کالج مری بریگیڈیئر نسیم عباس نے ان کا استقبال کیا۔وفد کو اِدارے کے اغراض و مقاصد اور کیڈٹس کی عملی تربیت کے حوالے سے مفصل آگاہی دِی گئی۔ مہمانوں نے کیڈٹس کی ذہنی و جسمانی تربیت کی خاطر کیے گئے اقدامات اور پائلٹ پراجیکٹس کو نہ صرف سراہا بلکہ انھیں دورِ جدید کی ضرورت قرار دیا۔مہمانوں کے تجسس اور اشتیاق کے پیشِ نظر کالج کا وزٹ کرایا گیا جن میں کمانڈنٹ آفس،فیکلٹی بلاک ،اکیڈمک بلاک ، کیفے ٹیریا،کیڈٹس جِم،اِنٹرنیٹ کیفے اور سرور ہائوس سرِفہرست تھے۔ مییجر جنرل سریش نے ملٹری کالج مری کے باغیچے میں پودا بھی لگایا۔
ملٹری کالج مری کے کیڈٹس نے وفد کی آمد کے حوالے سے منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں ثقافتی رقص اور نِیپالی قومی گیت گا کر مہمانوں کے لبوں پر مسکراہٹیں بِکھیر دیں۔ دونوں وفود کے درمیان مشترکہ ثقافتی تنوع اور فنی لطافت کا مظاہرہ بہت خوبصورت رہا۔ اسی طرح نیپالی وفد میں شامل کیڈٹس نے سٹیج پر اپنے ثقافتی رنگ اجاگر کر کے حاضرین کو سِحر انگیز کردِیا۔قابلِ ستائش کارکردگی نے نیپالی نوجوانوں کی فنکارانہ کاوشوں کو اجاگر کیا۔ثقافتی روایات کے اِظہار نے ناقابلِ فراموش اور دیر پا روابِط کی بنیاد رکھی۔
(رپورٹ:صبغت اللہ بزمی)
تبصرے