گزشتہ دنوں نیوی سیل کورس 23/Bکی پاسنگ آئوٹ پریڈ نتھیاگلی کراچی میں منعقد ہوئی جس کے مہمان ِ خصوصی کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل راجہ ربنواز تھے۔
نیول سیل جنہیں عرف عام میں نیوی کمانڈوز بھی کہا جاتا ہے کی تربیت32ہفتوں پر مشتمل تھی۔ اس سخت اور کٹھن تر بیت کے دوران نیوی سیل کو سمندر، خشکی اور فضائی تربیت فراہم کی گئی اور انہیں مختلف پیشہ ورانہ اُمور کی تعلیم دی گئی۔
پاسنگ آئوٹ پریڈ کے دوران کمانڈر ایس ایس جی (این) نے نیوی سیل کو فراہم کی جانے والی تربیت کے اہم پہلوئوں پر روشنی ڈالی۔ کمانڈنٹ این ایس اوٹی سی، کمانڈر ایم نعمان اسلم نے پاس آئوٹ ہونے والے نیوی سیل سے حلف لیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے پاس آئوٹ ہونے والے نیوی سیل کو مبارک باد دی۔ انہوں نے میری ٹائم امن، علاقائی امنِ عامہ اور دہشت گردی کی روک تھام کے ضمن میں سپیشل سروس گروپ(نیوی) کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار ، جذبے اور لگن سے موجودہ چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔
قبل ازیں ، مہمانِ خصوصی نے نمایاں کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔
مہمانِ خصوصی نے دیگر مہمانانِ گرامی کے ہمراہ سپیشل سروس گروپ (نیوی) کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی عملی مشق دیکھی جس کے دوران مختلف مہارتوں کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔
تبصرے