چیف آف آرمی سٹاف کی مجاہد رجمنٹ سینٹر میں پانچویں کرنل کمانڈنٹ کی تعیناتی کی تقریب میں شرکت
گزشتہ دنوں بھمبر آزاد کشمیر میں مجاہد رجمنٹ سینٹر میں پانچویں کرنل کمانڈنٹ کی تعیناتی کی پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیرتھے۔چیف آف آرمی سٹاف اور لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) شیر افگن نے کمانڈر راولپنڈی کور لیفٹیننٹ جنرل شاہد امتیازکو مجاہد رجمنٹ کے پانچویں کرنل کمانڈنٹ کے بیجز لگائے۔تقریب میں ریٹائرڈ، حاضر سروس افسران اور مجاہد یونٹس کے کمانڈنگ آفیسرز نے شرکت کی۔چیف آف آرمی سٹاف نے آزاد کشمیر کے معززین علاقہ سے بھی ملاقات کی۔ان سے بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے کشمیریوں کی پاک فوج سے بے مثال محبت اور لازوال قربانیوں کو سراہا۔آرمی چیف نے مزید کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہمارا کشمیریوں کے ساتھ خون کا رشتہ ہے۔دنیا کی کوئی بھی طاقت اس لازوال باہمی محبت کے رشتے میں دراڑ نہیں ڈال سکتی۔ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا ادھورا ایجنڈا ہے اور مسئلہ کشمیر کا کوئی بھی حل کشمیریوں کی مرضی اور رائے کے بغیر نہیں ہو سکتا۔مزیدبراں آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور پاک فوج اخلاقی، سماجی اور سفارتی تعاون کے لیے ہمہ وقت کشمیریوں کے ساتھ ہیں ۔
کرنل کمانڈنٹ کی تقریب کے بعدمجاہد رجمنٹس کے کمانڈنگ آفیسرز نے کرنل کمانڈنٹ کو تمام مجاہد یونٹوں کی کار کردگی کے متعلق تفصیلی آگاہی دی ۔اس موقع پر نمایاں کار کردگی دکھانے والی یو نٹ کو انعامات سے بھی نوازا گیا۔
تبصرے