گزشتہ دنوں چیف آف ترکش جنرل سٹاف جنرل متین گورک نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ دوران ملاقات بین الاقوامی تزویراتی صورتحال، پہلے سے جاری مشترکہ منصوبوں کی پیشرفت اور ہوابازی کی صنعت میں تعاون سے متعلق امور کا احاطہ کیا گیا۔ معززین نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور سمیت جدید عسکری ٹیکنالوجی اور تربیتی شعبے کے دائرہ کار میں پیشہ ورانہ تعاون کو فروغ دینے سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران سربراہ پاک فضائیہ نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ میں جدید ترین ٹیکنالوجیز کی شمولیت اور جدید عسکری اصولوں کے مطابق تربیتی شعبے کی تشکیلِ نو کے ذریعے نیکسٹ جنریشن ایئر فورس بنانے کے اپنے ویژن سے آگاہ کیا۔ ائیر چیف نے اس امر پر روشنی ڈالی کہ دونوں برادر ممالک کے مابین دیرینہ مذہبی اور تاریخی روابط استوار ہیں جو بے مثال تزویراتی شراکت داری کا مظہر ہیں۔ ایئر چیف نے دونوں فضائی افواج کے تکنیکی فریم ورک کو بہتر بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کے پاک فضائیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ترک فضائیہ کی بنیادی اور ٹیکنیکل سطح کی تربیت میں پاک فضائیہ کے پائلٹس کے فعال کردار پر روشنی ڈالی اور ترک فضائیہ کی تربیت اور اسکی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے بھرپور مدد کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی۔
تبصرے