بانی ٔپاکستان قائداعظم محمدعلی جناح نے جس عزم اوربصیرت کے ساتھ برصغیر کے مسلمانوں کے لیے پاکستان کی صورت میں ایک الگ خود مختار مملکت کا قیام یقینی بنایاوہ ایک خوش حال اور روشن مستقبل کے حامل پاکستان کا ویژن تھا۔قائداعظم نے پاکستان کی پہلی سالگرہ کے موقع پر کہا تھا ''قدرت نے آپ کو ہر نعمت سے نوازا ہے ۔ آپ کے پاس لامحدود وسائل موجود ہیں۔ آپ کی ریاست کی بنیادیں مضبوطی سے رکھ دی گئی ہیں۔اب یہ آپ کا کام ہے کہ نہ صرف اس کی تعمیر کریں بلکہ جلد از جلد اور عمدہ سے عمدہ تعمیر کریں۔ سو آگے بڑھیے اور بڑھتے ہی جایئے۔'' پاکستان بوجوہ ترقی کے اس طرح سے مدارج طے نہیں کرسکا جن کا خواب قائداعظم محمدعلی جناح نے دیکھا تھا۔ تاریخ پر نظر دوڑائیں تو مختلف وجوہات اور عوامل سامنے آتے ہیں۔بہر طور قومیں اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں سے سیکھتی ہیں۔ماضی میں جو بھی ہوا،اس کی تلافی بھی مسلسل جدوجہد اور قائداعظم کے کام ،کام اور کام جیسے سنہری اقوال پر عمل پیرا ہو کر کی جاسکتی ہے۔
پاکستان کی موجودہ عسکری قیادت نے اپنا منصب سنبھالتے ہی جہاں دفاعِ پاکستان کی اہمیت کو گردانتے ہوئے ملکی سرحدوں کی حفاظت ہر قیمت پر کرنے کا اعادہ کیاوہاں ایس آئی ایف سی کی صورت میں ایک زرعی اور معاشی بحالی میں بھی ادارے کی جانب سے اپنے کردارکا عندیہ دیا۔ اب ایس آئی ایف سی کے تحت الحمدﷲ بردار اسلامی ملک سعودی عرب سمیت متعدد ممالک کے ساتھ مختلف سیکٹرز میں معاہدے طے پاچکے ہیں۔ ان منصوبوں کے پایۂ تکمیل تک پہنچنے سے ملک میں یقیناترقی اور خوش حالی کا دور دورہ ہوگا اور پاکستان چند سالوں میں معیشت کے اعتبار سے دنیا کے بڑے ممالک میں سے ایک ہوگا۔ یاہو فنانس کی رپورٹ کے مطابق چند سال بعدپاکستان دنیا کی سولہویں بڑی معیشت بن جائے گا۔رپورٹ کے مطابق پاکستان اس وقت بھی دنیا کا اکیسواں اثر و رسوخ رکھنے والا ملک ہے۔ پاکستان چند دہائیوں میں جی 8- ممالک میں شامل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے جو یقینا فخر کی بات ہے۔
الحمدﷲ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے جسے مثبت سوچ اور طرزِ عمل کے بل بوتے پر مزید خوشنما بنایا جاسکتا ہے بشرطیکہ ہم بطور قوم اپنے وطن کے لیے اپنااپنا کردار صدقِ دل سے نبھائیں۔معاشی طور پر بتدریج مضبوط ہوتا ہوا پاکستان ہم سب کا پاکستان ہے۔ ایسے عناصر جو سوشل میڈیا اور فیک نیوز کا سہارا لے کر ہر لحظہ وطنِ عزیز کے امیج کو منفی طور پر ابھارنے میں لگے ہوئے ہیں انہیں احساس کرنا چاہیے کہ اس طرح سے وہ پاکستان دشمن عناصر کے معاون بنتے جارہے ہیں۔ ہمیں بطور قوم اس منفی روش کو ترک کرکے پاکستان کے لیے اٹھائے گئے ہر اس مثبت قدم کو سراہنا ہے اور اس کی سرپرستی کرنی ہے جو پیارے وطن کے روشن مستقبل کی ضمانت دیتا ہو۔ ہمیں بحیثیت قوم ہر حال میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہے کہ صرف یہی ایک راستہ ہے جس سے پاکستان دنیا کی دیگر اقوام کی مانند اپنے معاملات آزادانہ اور مضبوطی سے آگے لے جانے کے قابل ہوگا۔ آیئے ہم سب اپنے پیارے پاکستان کی خوشحالی، مضبوطی اور وقار میں اپنا حصہ ڈالیں اور بطورِ قوم سرخرو ٹھہریں۔
پاکستان ہمیشہ سلامت رہے!
تبصرے