گزشتہ دنوں پاک فوج کا میلہ جشن بہاراں البرق پارک اوکاڑہ کینٹ میں منعقد ہوا۔ رنگا رنگ تقریب میں فوجی اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ شہریوں کی کثیرتعداد نے بھی شرکت کی۔
گریژن کمانڈر اوکاڑہ میجر جنرل نیک نام محمد بیگ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر گھڑ سواری کے ہنر، موسیقی کی دھنوں پر گھوڑے کا رقص، فلاور شو مقابلہ، ڈاگ شو مقابلہ، ٹینٹ پیکنگ ، پرندوں اور پالتو جانوروں کے شو بھی منعقد کیے گئے۔مہمان خصوصی نے پھولوں کی نمائش کا افتتاح کیا۔ تہواروں بھری اس تقریب میں سندھی ثقافتی رقص سے لے کر گلگت بلتستان، پنجاب، کے پی ، آزاد کشمیر اور بلوچستان کے شاندار ثقافتی رقص نے حاضرین کو مسحور کردیا۔ مہمان خصوصی نے تمام سٹالز کا دورہ کیا اور شرکاء سے بات چیت کی اور ان کے تعاون کو سراہا۔
کھانے پینے کے سٹالز میں مختلف قسم کے پکوان پیش کیے گئے، جس سے زائرین مختلف ثقافتوں کے ذائقوں سے لطف اندوز ہوئے۔ ہر عمر کے شرکا ء کے لیے تفریح کا موقع فراہم کیا گیا۔ کھیل، سائیکلنگ، فوٹو گرافی، آرٹس، اور مجموعی طور پر بہترین سٹال جیسی مختلف کیٹیگریز میں جیتنے والوں کو اعزاز سے نوازا گیا۔ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے اپنی موجودگی کا اظہار کیا اور پھولوں کے شاندار اہتمام اور باغبانی کی مہارت کو سراہا۔ سگنلز ٹروپے شو نے اپنی شاندار پرفارمنس سے سامعین کو مسحور کرتے ہوئے جشن میں جوش و خروش کا اضافہ کیا۔
بعد ازاں مہمان خصوصی نے مختلف مقابلوں میں جیتنے والوں میں شیلڈز اور انعامات تقسیم کیے۔
میجر محمد ظہیر طاہر
تبصرے