تیراہ اور مالاکنڈ میں شدید برفباری کے بعد متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن مکمل کیا گیا.
گزشہ دنوں مالم جبہ میں لینڈ سلائیڈنگ کے بعد پاک فوج اور فرنٹیئر کور (نارتھ) کی ٹیموں نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور سڑک سے بھاری پتھر اور مٹی ہٹا کر ٹریفک بحال کر دی۔ اس کے ساتھ ساتھ سوات کے علاقوں مٹہ، مالم جبہ اور کالام میں بھی ریسکیو آپریشن مکمل کیا گیا۔ ریسکیو آپریشن میں تمام رابطہ سڑکوں پر ٹریفک بحال کی گئی۔ مٹہ میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ایک مکان گر گیاتھا۔ مکان میں9 افراد کے ملبے تلے دبنے کی اطلاع پر پاک فوج نے فوری اقدامات کرتے ہوئے ریسکیو ٹیم روانہ کی۔ ریسکیو ٹیم دشوار گزار علاقے سے متاثرہ مکان تک پہنچی اور ملبے سے سات لاشیں اور دو زخمیوں کو نکالا۔ موسم کی خرابی، تاریکی اور لینڈسلائیڈنگ کے خطرے کے باوجود ریسکیو آپریشن جاری رہا۔ شدید موسم کو دیکھتے ہوئے پاک فوج اور فرنٹیئر کور نارتھ کی جانب سے علاقے میں فوری طور پر راشن بھی تقسیم کیا گیا۔ ضلع خیبر کے علاقے وادیٔ تیراہ میں بھی ریسکیو آپریشن مکمل کر کے تمام سڑکوں پر ٹریفک بحال کی گئی۔ اسکے ساتھ ساتھ لواری ٹنل کے اردگرد شدید برفباری کی وجہ سے چترال کا رابطہ پورے ملک سے منقطع ہو گیا۔ پاک فوج کی ریسکیو ٹیموں نے ہنگامی بنیادوں پر کام کرتے ہوئے سڑکوں سے برف ہٹا کر ٹریفک بحال کی۔ شدیدبرف باری کی وجہ سے کئی سیاح علاقے میں پھنس گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے نہ صرف سیاحوں کو ریسکیو کیا بلکہ قریبی فوجی کیمپوں اور ہوٹلوں تک بھی پہنچایا۔ پاک فوج عوام کی خدمت کے لیے متحرک ہے۔ ان علاقوں کے عوام نے فوری ریسکیو آپریشن کرنے پر پاک فوج کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
تبصرے