گزشتہ دنوں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بلوچستان کے ضلع آواران کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران آرمی چیف کو سکیورٹی کی صورتحال اور صوبے کی سماجی و اقتصادی ترقی اور زراعت کے حوالے سے پاک فوج کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے شہداکےخاندانوں، مقامی عمائدین اور کسانوں سے بات چیت کی اور شہدا کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے، سلامتی اور فلاح و بہبود کے لیے فوج کی حمایت کا یقین دلایا۔آواران کے معززین اور کسانوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے زراعت کی اہمیت اور گرین پاکستان انیشیٹو کے لیے فوج کے عزم پر زور دیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ کسانوں کو ہر قسم کی زرعی سہولیات فراہم کی جائیں گی جن میں آسان زرعی قرضوں کی فراہمی، بیج، کھاد، سولر ٹیوب ویل اور ماہرین زراعت کی رہنمائی شامل ہےتاکہ وہ اپنی زمینوں پر کاشت کر سکیں اور ترقی میں شراکت دار بن سکیں۔
بعد ازاں آرمی چیف نے کیڈٹ کالج آواران کا افتتاح کیا اور فیکلٹی ممبران اور طلباء سے بات چیت کی۔آرمی چیف نے علاقے کے لوگوں کے لیے بلوچستان میں ایک اور کیڈٹ کالج کے قیام کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج متعلقہ سول محکموں کے ساتھ مل کر بلوچستان میں ترقیاتی اور امدادی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے۔ پاکستانی عوام کو بلوچستان کے ان بہادر لوگوں پر فخر ہے جو تمام مشکلات کے مقابلے میں ڈٹے رہے ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے امن اور خوشحالی کے لیے بلوچستان کے عوام کی حمایت میں اپنی خدمات پیش کرتے رہیں گے۔قبل ازیں آمد پر کور کمانڈر بلوچستان نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
تبصرے