لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید اور کیپٹن محمد احمد بدر شہید کی نماز جنازہ میں صدر پاکستان اور آرمی کی شرکت
گزشتہ دنوں میرعلی شمالی وزیرستان میں دہشت گردی کی لعنت کے خلاف مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید اور کیپٹن محمد احمد بدر شہید کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں اداکی گئی۔
نماز جنازہ میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کی معزز شخصیات صدر آصف علی زرداری، وزیر خارجہ ، وزیر داخلہ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی سٹاف، اعلیٰ حاضر سروس فوجی اور سول افسران، شہدا کے لواحقین اور اہل علاقہ نے شرکت کی۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک فوج نے ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے نظریات کو مسلسل برقرار رکھا ہے۔ ان پائیدار اصولوں کی رہنمائی میں پاک فوج نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف اپنی انتھک جنگ میں پیشہ ورانہ مہارت اور وفاداری کے اعلیٰ معیار قائم کرنے کی کوشش کی ہے۔ یہ عظیم قربانی ہمارے بہادر بیٹوں کے غیرمتزلزل عزم کی ایک اور شاندار شہادت کے طور پر کھڑی ہے جنہوں نے اپنے وطن عزیز کے دفاع کے لیے حتمی قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کیا۔ پوری قوم ہماری مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔شہدا کی میتیں ان کے آبائی علاقوں میں پہنچائی گئیں جہاں انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔
تبصرے