قومیں اپنی ریاست کی مضبوطی کے لیے انتھک جدوجہد کرتی ہیں۔ پاکستانی قوم بھی دیگر اقوام کی طرح اپنی ریاست اور سرزمین سے بے حد لگائو رکھتی ہے اور اسے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ اپنے اداروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملائے دکھائی دیتی ہے۔ وطنِ عزیز کو اپنے قیام کے اوائل ہی سے مختلف کٹھن مراحل کا سامنا رہا ہے۔ اب بھی چیلنجز تو ہیں لیکن قوم ہمیشہ کی طرح پر عزم ہے اور پوری استقامت کے ساتھ ان چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے ثابت قدم ہے۔گزشتہ دنوں یوم پاکستان کے موقع پر منعقد ہونے والی مسلح افواج کی پریڈ اس امر کی نشاندہی کرتی ہے کہ کس طرح ہماری افواج اور قوم مضبوطی کے ساتھ ملکی سالمیت اور دفاع کو یقینی بنانے کے لیے پر عزم ہیں ۔بلاشبہ مسلح افواج کی پریڈ ملکی یکجہتی، اتحاد اور یگانگت کی عکاس ہوا کرتی ہے اور دنیا کو یہ پیغام دیتی ہے کہ پاکستان کے دفاع کو یقینی بنانے کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیاجائے گا۔ صدر پاکستان جناب آصف علی زرداری نے اسلام آباد میں مسلح افواج کی پریڈ کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قوم کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ہم ملکی سلامتی کو جان سے بھی عزیز رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم دفاعی اعتبار سے ایک مضبوط ملک ہیں۔ ہم نے بہت مشکلات کے باوجود دفاعی، صنعتی، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں ترقی کی منازل طے کی ہیں اور دنیا قیام امن کے لیے دہشت گردی کے خلاف ہمارے کردار اور قربانیوں کو مانتی ہے۔
الحمد اللہ پاکستان تمام تر مشکلات کے باوجود ایک غیر متزلزل عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ مختلف شعبوں میں ترقی کا ایک سفر دکھائی دیتا ہے۔ ایس آئی ایف سی کے تحت مختلف سیکٹرز میں جاری منصوبے ایک روشن مستقبل کی نوید دے رہے ہیں۔انشاء اﷲ وہ وقت دور نہیں جب وطنِ عزیز معدنیات، توانائی، زراعت، لائیوسٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے معاشی اور اقتصادی بحالی کا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ٹھہرے گا۔
بانیٔ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے اکتوبر1947میں اپنے خطاب میں کہا کہ ''ہم جتنی زیادہ تکلیفیں سہنا اور قربانیاں دینا سیکھیں گے، اتنی ہی زیادہ پاکیزہ، خالص اور مضبوط قوم کی حیثیت سے ابھریں گے ۔ جیسے سونا آگ میں تپ کر کندن بن جاتا ہے۔'' اس میں دورائے نہیں کہ پاکستانی قوم اور ادارے قائد کے فرمودات کے مطابق مسلسل جدوجہد اور تگ و دو کے ساتھ ملک کو ایک مضبوط اور باوقار ریاست بنانے کے لیے پر عزم ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب پاکستان تمام مشکلات پر قابو پاتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر ایک کامیاب مملکت کے طور پر سامنے آئے گا۔
شاد رہے پاکستان!
تبصرے