گزشتہ دنوں پاکستان آرمی اور رائل سعودی لینڈ فورسز (RSLF) نے ملتان کور کے زیر اہتمام مظفر گڑھ فیلڈ فائرنگ رینجز (MFFR)میں مشترکہ فوجی مشقیں کیں۔دونوں ممالک کی مشترکہ فوجی مشقوں کا مقصد اپنی فوجی صلاحیتوں کو بڑھانے اور مہارت کا تبادلہ تھا۔ا ن مشقوں میں پاک سعودیہ افواج کی شرکت بھرپور جوش وخروش، تربیتی سیشنز اور اعلیٰ جذبے کے ساتھ ہوئی۔
ان مشترکہ مشقوں میں شامل اہلکاروں کے عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کی عکاسی ہوئی۔دوران تربیت مختلف حکمت عملی اور مشقیں کی گئیں جن میں کمبائنڈ بیٹل پی ٹی، سمال سکیل آپریشنز، روم کلیئرنس، کلوز مارکس مین شپ، فائرنگ اور ریپلنگ شامل ہیں۔ان مشقوں میں کوبرا ہیلی کاپٹروں کے استعمال نے جنگ جیسا ماحول بنا کر تربیتی مشقوں میں نئی روح پھونک دی ۔یہ تربیتی مشقیں پاکستان آرمی اور رائل سعودی لینڈ فورسز کو اپنی طاقتوں کو تیز کرنے، مہارت کے تبادلے اور اپنی فوجی صلاحیتوں کو بڑھانے کا منفرد موقع فراہم کریں گی۔
ان مشقوں میںخاص اہمیت ہیلی کاپٹر کی مشقوں پر مرکوز تھی جس کا مقصد دہشت گردی سے مئوثر طریقے سے نمٹنے کے لیے ضروری مہارتوں کو فروغ دینا تھا۔ان خصوصی تربیتی سیشنز سے دہشتگردی کے خطرات کا مقابلہ کرنے اور امن و استحکام کو فروغ دینے میں دونوں افواج کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔مشترکہ فوجی تربیت پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوستی اور تعاون کے مضبوط رشتوں کا ثبوت ہے۔پاک فوج اور رائل سعودی لینڈ فورسز کے درمیان تعاون دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔
تبصرے