گزشتہ دنوں ایف سی بلوچستان (سائوتھ)کے زیراہتمام جنوبی بلوچستان کے ضلع کیچ ،خاران، اور دالبندین کے دور دراز علاقوں میں مقامی آبادی کو طبی خدمات کی فراہمی کے لئے فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا گیا۔ میڈیکل کیمپس کا اہتمام ایف سی بلوچستان (سائوتھ)کے ماہر ڈاکٹروں اور پیرامیڈکس سٹاف کے ساتھ لیڈی ہیلتھ ورکرز کی مدد سے ان علاقوں میں خواتین، بچوں اور بزرگوں کوصحت کی بنیادی ضروریات پورا کرنے کے لیے قائم کیے گئے۔
جنوری اور فروری کے دوران ،ان اضلاع کے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 10 میڈیکل کیمپس لگائے گئے جن کا بنیادی مقصد ضرورت مندوں کو مفت طبی معائنے، علاج اور ادویات فراہم کرنا تھا۔ان میڈیکل کیمپس کے دوران مجموعی طور پر 3437 مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں ۔ ان میں سے 365 مرد، 1910 خواتین اور 1162بچے شامل تھے۔ جو مقامی آبادی پر اس اقدام کے نمایاں اثرات کی عکاسی کرتی ہیں۔ میڈیکل کیمپس میں عام بیماریوں جیسے پی آئی ڈی، یو ٹی آئی، گیسٹرو اینٹرائٹس، رینل کولک، پیٹ میں درد، ڈائریا ، یو آر ٹی آئی، آنکھوں کا انفیکشن، گلے کی سوزش اور جلد کی الرجی اورانفیکشن کیسہولیات کے ساتھ ساتھ خواتین مریضوں کے لیے الٹرا سائونڈ ٹیسٹ کے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔
میڈیکل کیمپس کا انعقاد ایف سی بلوچستان (سائوتھ)کی جانب سے بلوچستان کے دور دراز آبادی کی طبی ضروریات کو پورا کرنے کے عزم کی ایک مثال ہے۔ اس طرح کے اقدامات مقامی لوگوں کی فلاح و بہبود کو فروغ دینے میں مشترکہ کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔علاقہ مکینوں نے ان میڈیکل کیمپس کے انعقاد کے اقدام پر ایف سی بلوچستان (سائوتھ) کو سراہا۔
تبصرے