چند ایسےا صول جن پر عمل کرکے آپ امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں
عام طور پر ہر طالب علم کے سر پر امتحانات کا خوف طاری ہوتا ہے تاہم جو آج کا کام کل پر نہیں چھوڑتے وہ نہ صرف پراعتماد رہتے ہیں بلکہ امتحانات میں نمایاں کامیابی بھی حاصل کرتے ہیں۔ یہ بھی یاد رہے کہ امتحانات ہی کامیابی کا زینہ ہوتے ہیں۔جو طالب علم امتحانات میں پاس ہوتا ہے، اگلی کلاس میں وہی ترقی پاتا ہے۔ امتحانات میں کامیابی کا سب سے بڑا اصول یہ ہے کہ جو جتنی زیادہ محنت کرتا ہےاتنا ہی میٹھا پھل کھاتا ہے ۔ یاد رکھیں! امتحانات دینا بھی ایک فن ہے۔ اگر آپ سارا سال پیپرزکی تیاری کرتے رہیں اور پیپردیتے ہوئے کچھ گڑ بڑ کردیں تو یہ آپ کے مجموعی نتائج پر گہرا اثر ڈال سکتا ہے۔ ہم آپ کو چند ایسے گُر بتاتے ہیں جن کو اپنانے سے نہ صرف آپ کے ذہنی تنائو میں کمی واقع ہوگی بلکہ نتائج پر بھی گہرا اثر پڑے گا۔
اچھی نیند:امتحانات کے دنوں میں پڑھائی پر خوب توجہ دیں تاہم خود کو تھکنے نہ دیں۔خاص طور پر اپنی نیند کا خیال رکھیں۔ اچھی نیند آپ کے ذہن پر اچھا اثر ڈالتی ہے۔اس سےیادداشت بہتر ہوتی ہے اور امتحانات میں آپ کو تھکاوٹ کا احساس نہیں ہوتا۔
اچھی غذا: اچھی نیند کی طرح اچھی خوراک بھی آپ کے امتحانات پر اثرانداز ہوتی ہے۔ ہلکی پھلکی اور صحت بخش غذا جسمانی کارکردگی کو بڑھا دیتی ہے تاہم فاسٹ فوڈ اور بہت زیادہ کھاناآپ کو سست بناسکتا ہے۔ خوراک کے ساتھ ساتھ پانی بھی مناسب مقدار میں لینا ضروری ہے تاکہ آپ چست اور توانا رہیں۔
وقت کی پابندی: امتحان کی تاریخ اور مقام کا خیال رکھیں۔ وقت سے پہلے پہنچنا اچھی عادت ہے۔اس طرح آپ اپنا رول نمبر تلاش کرکے اطمینا ن کے ساتھ اپنی نشست پر بیٹھ سکتے ہیں۔
ضروری اشیا: جوابات لکھنے کے لیے آپ کو پین، پنسل ، پیمانے اورا ریزر کی ضرورت ہوتی ہے۔ آپ کے پاس یہ اشیا اضافی ہونی چاہئیں ۔ اسی طرح گھڑی بھی آپ کے پاس موجود ہونی چاہیے تاکہ آپ ہر سوال کو مناسب وقت دینے کا تعین کرسکیں۔
امتحانی ہدایات: پیپر پر دی گئی ہدایات کو سب سے پہلے پڑھیں اور یقینی بنائیں کہ آپ ان پر درست طریقے سے عملدرآمد کررہے ہیں۔اپنا نام، رول نمبر اور مضمون لکھنے کی تصدیق کرلیں۔
پیپر کو غور سے پڑھنا: سوال حل کرنے سے قبل سارے پیپر کو غور سے پڑھ لیں۔ اس سے آپ کو سوالات کی تعداد اور ترتیب کا اندازہ ہوجائے گا۔ پھر ایک ایک سوال کو حل کرنا شروع کریں۔
پوری توجہ : پرچہ حل کرتے ہوئے پوری توجہ لکھنے پر صرف کریں۔ جو سوال پوچھا جائے ، اس کے مطابق جواب دیں۔
وقت کی تقسیم: یہ دیکھیں کہ ہر سوال پر کتنے نمبرز ملیں گے اور اس لحاظ سے اپنے جواب پر وقت صرف کریں۔ آپ کو یقیناً ان سوالات کو حل کرنے کےلیے زیادہ وقت چاہیے جن کے جوابات طویل ہوتے ہیں ۔
آسان سوالات پہلے:سب سے پہلے آسان سوالات کو حل کریں۔ اس سے آپ کے اندر خود اعتمادی بڑھے گی اور اتنا وقت بھی مل جائے گا کہ مشکل سوالات کے جوابات تحریر کرسکیں۔
صاف لکھائی:صاف لکھائی میں جواب دیں۔املا اور اسپیلنگ کا خاص خیال رکھیں۔ہر سوال کا نمبر سوالنامہ کے نمبر کے مطابق درج کریں اور پھر اس کا جواب تحریرکریں۔
غیر ضروری باتوں سے پرہیز:امتحان کے دوران غیر ضروری باتوں اور حرکتوں سے پرہیز کریں۔ پرچہ حل کرتے وقت اِدھر اُدھر مت دیکھیں او ر کسی سے کو ئی چیز مت مانگیں۔اس سے آپ کا اور دوسرے ساتھی کا وقت ضائع ہوتاہے۔
پروف ریڈنگ:اپنے جوابات کو دوبارہ چیک کریں، املا اور دوسری غلطیوں کو درست کریں۔ پروف ریڈنگ آپ کے مجموعی نمبروں پر گہرا اثر ڈالتی ہے۔ اس لیے اس کا خوب خیال رکھیں۔آخر میں اپنا رول نمبر اور دوسری معلومات کی تسلی کرکے اپنی کاپی ممتحن کے حوالے کردیں۔
تبصرے