نوجوان قومی خدمت کے لیے اپنی حقیقی صلاحیتوں کا ادراک کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں، آر می چیف
جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں پاکستان نیشنل یوتھ کنونشن کا انعقاد، وزیراعظم پاکستان اور چیف آف آرمی سٹاف کا خطاب
گزشتہ دنوں جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں پاکستان نیشنل یوتھ کنونشن 2024 منعقد ہوا۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر اس موقع پر مہمان اعزاز تھے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے بحیثیت قوم دہشت گردی کی لعنت کا انتہائی بہادری سے مقابلہ کیا ہے اور بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے پورے عزم کے ساتھ دہشت گردی کی لعنت کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ "دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیاں نوجوانوں کی شمولیت اور حمایت کے بغیر ممکن نہیں تھیں جو ہماری آبادی کا 65 فیصد ہیں۔" وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے ذمہ دار شہری ہونے کے ناتے، ہم سب کو ماضی قریب میں پاکستان کے دشمنوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف شروع کیے جانے والے شیطانی پروپیگنڈے کو مسترد کرنا اور اجتماعی طور پر اس کامقابلہ کرنا چاہیے۔ نوجوان اس ابھرتے ہوئے قومی سلامتی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے تعمیری کردار ادا کر سکتے ہیں بشرطیکہ وہ پروپیگنڈے کا شکار ہونے کی بجائے ریاستی اداروں سے مستند معلومات کے ذریعے تمام تفصیلات پر توجہ مرکوز رکھیں۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں اور روشن مستقبل کی تمام امیدیں ان سے وابستہ ہیں۔ امید کا پیغام دیتے ہوئے آرمی چیف نے نوجوانوں کو مایوسی سے دور رہنے کو کہا۔ انہوں نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں نوجوانوں کے تاریخی کردار کا حوالہ دیا اور انہیں نظم و ضبط، دیانتداری اور علم کی حقیقی جستجو کے ذریعے قوم کی تعمیر میں حصہ لینے کی تلقین کی۔
آرمی چیف نے پاکستان کی پاور پوٹینشل، بے پناہ معدنی دولت، آئی ٹی سے تعلیم یافتہ افرادی قوت کے تخلیقی صلاحیت کاروں اور زراعت میںخوشحالی کے امکانات پر روشنی ڈالی۔ آرمی چیف نے ملک کو درپیش متعدد چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے قومی اتحاد اور ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا ۔آرمی چیف نے دہشت گردی کی لعنت کا مقابلہ کرنے کے لیے قوم کی جانب سے دی گئی قربانیوں کا ذکر کیا اور معاشرے کے اندر بگاڑ پیدا کرنے والوںکی سازشوں سے خبردار کیا۔انہوں نے کہا کہ اندرونی ہم آہنگی کے بغیر ترقی نہیں ہو سکتی۔ انھوں نے قرآن پاک، علامہ اقبال اور قائد اعظم کاحوالہ دیااور نوجوانوں کو اپنی حقیقی صلاحیتوں کا ادراک کرتے ہوئے قوم کی خدمت کرنے کی ترغیب دی۔ آرمی چیف نے قوم کی مدد اور حمایت سے تمام خطرات کے خلاف پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سا لمیت کے دفاع کے لیے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کیا۔
تبصرے