گزشتہ دنوں پاک فضائیہ کی ایک آپریشنل ایئر بیس پر انڈکشن اینڈ آپریشنلائزیشن تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروقار تقریب میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سربراہ پاک فضائیہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بیس آمد پر آرمی چیف کا استقبال کیا۔ تقریب میں پاک فضائیہ کے بیڑے میں شامل کردہ نئے ویپن سسٹمز اور دفاعی اثاثہ جات نمائش کے لیے پیش کیے گئے۔
چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیرکی آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی متحرک قیادت کو سراہتے ہوئے جدید ترین ویپن سسٹمز کی شمولیت پر پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی۔ خود انحصاری اور انسانی وسائل کی ترقی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف نے تکنیکی ترقی اور آپریشنل مہارت کے حصول پر پاک فضائیہ کی لگن کی بھرپور تائید کی اور اس امر کی یقین دہانی کروائی کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
قبل ازیں سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے خطاب میں پاک فضائیہ کے دفاعی اثاثوں میں نئے شامل کردہ جے-10 سی لڑاکا طیاروں، 'سی-130 ایچ'، ایئر بس-319، بوئینگ 737، پائپر ایم-600 اور بی کے اے-350 آئی ایئر موبیلٹی پلیٹ فارمز سمیت جدید ترین ہتھیاروں کا ایک جائزہ پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ میں جدید ترین ریڈارز، بغیر پائلٹ کے فضائی نظام بشمول بیرکتر اکنچی، ٹی بی 2 اور شاہپر-2 کے ساتھ ساتھ سوارم ڈرونز، لوئٹرنگ میونیشن صلاحیتوں سمیت لانگ رینج ویکٹرز کی شمولیت نے ملک کی فضائی دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔
تقریب کے بعد پاک فضائیہ کے مختلف لڑاکا اور تربیتی طیاروں بشمول یو اے ویز نے ایک شاندار ائیر شو پیش کرتے ہوئے حاضرین کے دل موہ لیے۔ بعد ازاں مہمان خصوصی اور حاضرین نے پاک فضائیہ کے فضائی بیڑے میں شامل کردہ لڑاکا طیاروں، ایئر موبیلٹی اور یو اے ویز کے سٹیٹک ڈسپلے کا مشاہدہ کیا۔
تبصرے