قومیں افراد سے بنتی ہیں ۔ افراد باہم مل کر ایک قوت کا روپ دھارلیتے ہیں اور ملک کو باوقار راستوں پر گامزن کرتے ہیں۔ وطنِ عزیز پاکستان کی بنیادوں میں قوم کا خون پسینہ شامل ہے۔ برصغیر کے مسلمانوں نے قائداعظم محمدعلی جناح کی قیادت میں نہ صرف الگ وطن کے حصول کے لیے عملی جدوجہد کی بلکہ جانی و مالی قربانیوں سے بھی دریغ نہیں کیا۔ پاکستانی قوم نے اس روایت کو آج بھی زندہ رکھا ہوا ہے۔ آج بھی وطنِ عزیز پر کوئی کٹھن مرحلہ آن پڑتا ہے تو قوم سیسہ پلائی دیوار بن جاتی ہے۔ قوم اور افواجِ پاکستان نے قیامِ پاکستان سے لے کر اب تک دشمن کی ہر ہر جارحیت اور ہر ہر وار کاجرأت سے مقابلہ کیااور دفاعِ وطن پر کبھی کوئی آنچ نہیں آنے دی۔
بانیِ پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح نے28 دسمبر1947 کو کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہا: ''مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ اتحاد، یقینِ محکم اور تنظیم ہی وہ بنیادی نکات ہیں جو نہ صرف یہ کہ ہمیں دنیا کی پانچویں بڑی قوم بنائے رکھیں گے بلکہ دنیاکی کسی بھی قوم سے بہتر قوم بنائیں گے۔'' بانیِ پاکستان کے اس فرمان سے یہ بخوبی ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنی اس قوم کو آئندہ سالوں میں کہاں دیکھنا چاہتے تھے۔ اب یہ ہماری قوم پر منحصر ہے کہ وہ کس طرح ماضی کی کوتاہیوں اور خامیوں سے سیکھتی ہے اور وطن عزیز کو خوشحالی اور ترقی کی راہوں پر گامزن کرتی ہے۔ بہرحال یہ خوش آئند امر ہے کہ قوم اور ادارے اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں اور وہ صدقِ دل سے قوم کو مشکلات سے نکال کر کامرانیوں کی جانب لانا چاہتے ہیں۔ ایس آئی ایف سی اس کی ایک مثال ہے کہ کس طرح حکومتی ادارے باہم مل کر اس ملک کی کمزورمعاشی و اقتصادی حالت کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت سمیت متعدد دیگر شعبوں کی بحالی کے لیے کوشاں ہیں۔ اس سلسلے میں تمام ممکن اقدامات عمل میں لائے جارہے ہیں جو ہمیں اس امر کی نوید دیتے ہیں کہ بہت جلد وطنِ عزیز ایک مضبوط اور خوشحال ریاست کے طور پر خود کو منوانے میں کامیاب ہوجائے گا۔ یقینا اس میں صرف متعلقہ ادارے ہی نہیں ، قوم کے ہر ایک فرد کو اپنے حصے کا چراغ روشن کرنا ہے اور ملک کو آگے لے کر جانا ہے۔
الحمدﷲ پاکستان کا مستقبل بہت محفوظ اور شاندار ہے کہ ہمارے نوجوان اپنے ملک سے بے پایاں محبت رکھتے ہیں۔ ہماری مسلح افواج کے افسر اور جوان آئے روز اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے قوم کویہ باور کروارہے ہیں کہ ان کی موجودگی میں کوئی بھی دشمن اس ملک کی جانب میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ قوم بھی اس امر کایقین رکھتی ہے کہ مسلح افواج کے ہوتے ہوئے ملک کی سالمیت کو کبھی گزند نہیں پہنچے گی۔ یہی یقین اور جذبے پاکستانی قوم کو آپس میں جوڑے رکھتے ہیں۔ بلاشبہ قوم اور مسلح افواج میں پائی جانے والی ہم آہنگی اور باہمی محبت ہی میںوطنِ عزیز کی بقاء اور سلامتی پنہاں ہے۔
پاکستان ہمیشہ سلامت رہے!
تبصرے