پیارے بچو! آپ سب کو نیا سال مبارک ہو!
نئے سال کے آغاز پر،ہم سب سے پہلے آپ سے اپنی نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہیں۔ ہماری دعا ہے کہ نئے سال کا سورج آپ سب کے لیے بہت سی خوشیاں اور کامیابیاں لیے طلوع ہو اور آنے والے ماہ وسال ہمارے پیارے وطن پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کی نئی نوید لے کرآئیں! آمین۔
ساتھیو! نئے سال کا آغاز ہمیں یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اس تیز رفتار دنیا میں اپنی مصروفیات سے کچھ وقت نکال کراپنا جائزہ لیں اور دیکھیں کہ کیا واقعی ہم اپنے مقاصد، اہداف یا ارادوں پرعمل پیرا ہیں یا وقت کی دھول نے انہیں ہمارے ذہنوں سے مٹا دیا ہے۔ ذرا ان ارادوں کو یاد کریں جو گزشتہ سال کے آغاز پر آپ نے اپنی شخصیت اورعادات کوبہتر بنانے کے لیے کیے تھے۔ تجزیہ کریں کہ آپ ان پر کس حد تک عمل کرپائے، اپنی عادات کو کس حدتک بدل سکے اورکتنے اہداف پایہ تکمیل تک پہنچا سکے؟
غوروفکرکے یہ لمحات آپ کو بتا دیں گے کہ آپ اپنی زندگی کے مقاصد کو حاصل کرنے میں کس قدر سنجیدہ ہیں۔ اگر آپ نے مستقل مزاجی سے اپنے کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے تو آپ زندگی میں بہت سی کامیابیاں حاصل کریں گے۔ نیا سال ان کے لیے جو کسی وجہ سے اپنے ارادوں پر عمل نہیں کرسکے، اُمید کی نئی کرن لاتا ہے جس کی روشنی میں وہ ایک نئے عزم سے آگے بڑھ کر اپنے خواب پورے کرسکتے ہیں۔
ساتھیو!منزل اسی کو ملتی ہے جسے اس کی پہچان ہوتی ہے۔ اگر آپ کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو اپنی زندگی کا مقصد پہچانیں،اس کا تعین کریں اور نظم و ضبط، ذوق و شوق اور محنت سے اس کی جانب بڑھتے جائیں۔ انشاءاللہ بہت جلد کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔ یاد رکھیں! کامیابی کے اس سفر میں آپ کو بہت سی مشکلات بھی پیش آسکتی ہیں جن کا سامنا کرنے کے لیے آپ کا ثابت قدم ہوناضروری ہے۔ مسلسل محنت اورجوش وولولے کے ساتھ ساتھ اچھے دوستوں کا ساتھ، والدین واساتذہ کی رہنمائی آپ کے لیے کامیابیوں کے راستے ہموار کردے گی۔ان کی حوصلہ افزائی اور تربیت آپ کو کسی مرحلے پر کمزورنہیں پڑنے دے گی۔اسی طرح اچھی کتابیں دل ودماغ کو وسعت دیتی ہیں۔ دنیا کے اب تک جتنے افراد کامیاب ہوئے ہیں ان میں ایک مشترکہ خوبی کتب بینی ہے۔ لہٰذا اس سال یہ عہد کیجیے کہ آپ نہ صرف اپنے اساتذہ اوربزرگوں کی صحبت اختیار کریں گے بلکہ اچھی کتابوں کے مطالعے سے اپنی شخصیت کو بھی نکھاریں گے۔
بانیٔ پاکستان قائداعظم محمدعلی جناحؒ کی عظیم شخصیت ہمارے سامنے ہے۔ وہ بچپن ہی سے کامیاب آدمی بننے کا عزم کرچکے تھے۔ اس کے لیے انہوں نے دن رات محنت کی۔ کتابوں کے مطالعے کا شوق بچپن سے ہی تھا جس نے اُن کی شخصیت کوعلم و شعور سے سیراب کیا ۔ آپ کی سب سے بڑی خوبی ایمانداری اور سچائی تھی۔ آپ جس چیز کا ارادہ کرتے، اُسے کر گزرنے کے لیے دل وجان سے ڈٹ جاتے۔ پاکستان کا قیام اس کی سب سے بڑی مثال ہے۔ پاکستان کو آزادی دلانا آپ کے غیرمتزلزل ارادوں کی زندہ و پائندہ مثال ہے۔
یقیں محکم، عمل پیہم، محبت فاتح عالم
جہاد زندگانی میں ہیں یہ مردوں کی شمشیریں
نونہالو! وقت کی قدر کریں، محنت کریں اور جدیدعلوم سے روشناس ہوکر اپنے وطن کی تعمیروترقی اورخوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ یاد رکھیں! پاکستان ہماری آزادی اور تشخص کا نشان اور ہماری امیدوں کا مرکز ہے۔ آئیے! نئے سال کی اجلی ساعتوں میں خود سے وعدہ کریں کہ ہم اس کی عزت و تکریم اور حرمت کو اپنی جان سے بھی مقدم رکھیں گے۔ ہم اتحاد، ایمان اورتنظیم کےعلَم اُٹھائے پورے یقین اور اعتماد سے اس مقدس امانت کی نہ صرف حفاظت کریں گے بلکہ اپنے عمل اور کردارسے دنیا بھر میں اس کا نام روشن کریں گے۔
نئے سال کا نیا شمارہ ایسی ہی کہانیوں سے مزین ہے جو آپ کے دلوں میں امید کی شمع جلاتے ہوئے یہ پیغام دے رہا ہے کہ
افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر
ہرفرد ہے ملت کے مقدر کا ستارا
اب اگلے شمارے تک کے لیے اجازت دیجیے۔ ہمیں آپ کی ای میلز اور خطوط کا انتظار رہے گا۔ اللہ نگہبان!
تبصرے