گزشتہ دنوں عزت مآب شیخ صالح بن عبداللہ بن محمد حمید، امام کعبہ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرسے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف آف آرمی سٹاف نے معزز مہمان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ امام کعبہ کا پاکستان آنا پاکستانی عوام کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان حرمین شریفین کے لیے بے پناہ عقیدت و احترام رکھتے ہیں۔
امام کعبہ نے کہا کہ اسلام امن اور بھائی چارے کا مذہب ہے اور اسلام کی غلط تشریحات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔معززین نے غزہ تنازع میں جاری مظالم اور مقبوضہ بھارتی جموں و کشمیر میں مسلمانوں پر ظلم و ستم کی مذمت کی اور فلسطین اور کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ پاکستان اور مملکت سعودی عرب کے درمیان مثالی ،تاریخی ،مذہبی اور ثقافتی رشتوں اور پاکستانیوں کے دلوں میں مملکت سعودی عرب کی بے پایاں عقیدت کے علاوہ دونوں برادر ممالک کے درمیان نظریات کے اتحاد پر مبنی مضبوط سٹریٹجک تعلقات ہیں۔آخر میں امام کعبہ نے اُمت کے امن، استحکام اور اتحاد کے لیے دعا کی۔
تبصرے