قومیں باہمی اخوّت اور بھائی چارے کی بُنیاد پر پروان چڑھتی ہیں۔ قوم میں جتنی ہم آہنگی ہوتی ہے وہ دنیا میں اتنی ہی سربلند ہوتی چلی جاتی ہے۔ پاکستانی قوم وہ عظیم قوم ہے جن کے اسلاف نے قائداعظم محمدعلی جناح کی قیادت میں اتحاد اور جدوجہد کی راہ اختیار کرتے ہوئے پاکستان کی شکل میں ایک الگ مملکت کے حصول کو یقینی بنایا۔ اخوّت، بھائی چارے اور یگانگت کا سبق ہمارا مذہب بھی ہمیں سکھاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارا ملک ، ہمارا دین اور ہمارا پرچم ہی دنیا بھر میں نہ صرف ہماری شناخت ہے بلکہ ہمارا فخر بھی ہے۔ ہماری قوم کی انہی خاصیّتوں کی بناء پر دشمن ہم سے خوف کھاتا ہے اور ہماری قوم میں نفاق ڈالنے کے لیے کبھی ہائبرڈ وار فیئر کا سہارا لیتا ہے تو کبھی فیک نیوزکا۔ کبھی سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف پروپیگنڈے کو ہوا دی جاتی ہے تو کبھی کسی اور ذریعے سے بے بنیاد تفاوت کا ڈھنڈورا پیٹا جاتا ہے لیکن تاریخ گواہ ہے کہ ان ہتھکنڈوں میں پاکستان دشمن عناصر نہ کبھی پہلے کامیاب ہوئے ہیں اور نہ آئندہ کبھی ہوسکیں گے۔ کیونکہ جب بات ہمارے ملک، ہمارے دین اور ہمارے پرچم کی آتی ہے تو قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہوجاتی ہے اور ملک پر کوئی آنچ نہیں آنے دیتی۔
بانی ٔپاکستان قائداعظم محمدعلی جناح نے بھی ہمیشہ پاکستانی قوم کو ایک اکائی بن کر اس مملکت کی خدمت کو یقینی بنانے کی تلقین کی۔ قائداعظم محمدعلی جناح نے قیامِ پاکستان کی پہلی سالگرہ کے موقع پر اپنے خطاب میں فرمایا ''قدرت نے آپ کو ہر نعمت سے نوازا ہے، آپ کے پاس لامحدود وسائل موجود ہیں۔ آپ کی ریاست کی بنیادیں مضبوطی سے رکھ دی گئی ہیں۔اب یہ آپ کا کام ہے کہ نہ صرف اس کی تعمیر کریں بلکہ جلداز جلد اور عمدہ سے عمدہ تعمیر کریں ۔ سو آگے بڑھیئے اور بڑھتے جایئے۔''
اس میںشک نہیں کہ جس طرح وطنِ عزیز کے مختلف ادارے اپنی اپنی حدود میں بہترین خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور اس کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا آئینی کردار ادا کررہے ہیں اسی طرح پاکستان کی مسلح افواج دفاعِ وطن کے فریضے کوبطریقِ احسن نبھا رہی ہے۔ ملک کی مشرقی سرحدیں ہوں یا مغربی سرحدیں، سیاچن کا یخ بستہ محاذ ہو یا تپتے صحرا، بحری سرحدیں ہوں یا فضائی سرحدیں ہمارے جوان اور افسر پوری تندہی کے ساتھ اپنی سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بنارہے ہیں۔ آئے روز ہمارے جوان اور افسر دادِ شجاعت دیتے ہوئے وطن پر اپنی جانیں قربان کررہے ہیں لیکن وطنِ عزیزکو کوئی گزندنہیں پہنچنے دیتے۔ یوں قوم کا بھی فریضہ ہے کہ وہ ہمیشہ کی طرح آپس میں کسی تفاوت اور تفرقے کو جگہ نہ دیں اور باہمی اتحاد اور یگانگت کا ثبوت دیتے ہوئے وطن کی ترقی اور وقار کے لیے اپنے حصے کا کردار ادا کرتے رہیں کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں۔
پاکستان ہمیشہ سلامت رہے!
تبصرے