گزشتہ دنوں پاکستان نیوی
کی جانب سے'' ایک دن پاک بحریہ کے ساتھ '' کے زیر عنوان لاہور کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات کے لیے پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کے انعقاد کا مقصد طلباء کو پاک بحریہ کی ذمہ داریوں، تنظیمی ڈھانچے اور دفاعی صلاحیتوں سے روشناس کروانا تھا۔
مختلف کالجز بشمول گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، فضائیہ ڈگری کالج، گیریژن کالج فار بوائز اور بحریہ کالج لاہور کے تقریبا ً200 طالب علموں اور اساتذہ نے تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر کمانڈر سینٹرل پنجاب رئیر ایڈمرل جاوید اقبال نے کہا کہ پاک بحریہ ملکی بحری سرحدوں کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے اور میری ٹائم سیکٹر کی ترقی کے لیے بھی کوشاں ہے۔ انہوں نے ترقی پذیر ممالک کے لیے میری ٹائم سیکٹر کی اہمیت اور اس سلسلے میں ایک مضبوط بحری فوج کے کردار کو بھی اُجاگر کیا۔
بعد ازاں تقریب میں پاک بحریہ کی حربی تیاری اور ہتھیاروں کی نمائش کی گئی۔پاک میرینز اور اسپیشل سروس گروپ پاکستان نیوی کی جانب سے انسدادِ دہشت گردی مہارتوں کامظاہرہ بھی کیا گیا۔طلباء وطالبات نے پاک بحریہ کے کردار اور ذمہ داریوں، بحری بیڑے میں شامل جدید ترین پلیٹ فارمز کی تفصیلات میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔
تبصرے