گزشتہ دنوں ملٹی نیشنل سپیشل فورسز کی مشق "Eternal Brotherhood-II" کی افتتاحی تقریب بروتھا میں منعقد ہوئی، دو ہفتے طویل مشق میں پاکستان، قازقستان، قطر، ترکی اور ازبکستان سے خصوصی افواج کے دستے حصہ لے رہے ہیں۔
جنرل سید عاصم منیرنے بروتھا گیریژن کا دورہ کیا اور مشق کے شرکاء سے بات چیت کی۔ آرمی چیف کو جنرل آفیسر کمانڈنگ سپیشل سروس گروپ کی طرف سے مشق کے دائرہ کار کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
اس مشق کا مقصد دوست ممالک کے درمیان تاریخی فوجی تعلقات کو مزید تقویت دینا ہے، جس میں مشترکہ روزگار کے تصور کو فروغ دینا، مستقبل میں فوجی تعاون کے لیے باہمی دلچسپی کے شعبوں کی نشاندہی کرنا اور دہشت گردی کے خلاف ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا ہے۔
بروتھا کا دورہ کرنے سے پہلے آرمی چیف نے جونیئر لیڈرشپ اکیڈمی (JLA)) شنکیاری کا بھی دورہ کیا، جو کہ نان کمیشنڈ افسران کی تربیت کے لیے سنٹر آف ایکسی لینس ہے۔ انہوں نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور اکیڈمی کے شرکا سے خطاب کیا۔ چیف آف آرمی سٹاف نے ریمارکس دیے کہ "جونیئر لیڈر پاک فوج کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور روایتی اور غیر روایتی جنگ میں کامیابی کی کلید ہیں۔''ہماری پیشہ ورانہ مہارت اور قیادت کا معیار دنیا کی کسی بھی جدید فوج کے مقابلے میں بہترین ہے۔ پاک فوج کے جونیئر رہنمائوں نے دنیا بھر میں تربیت، آپریشنز اور عالمی معیار کے مقابلوں کے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔''
قبل ازیں جے ایل اے اور بروتھا پہنچنے پرچیف آف آرمی سٹاف کا استقبال انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن نے کیا۔
تبصرے