گو نو مئی کو گزرے اب بہت دن ہوچکے ہیں لیکن اس دن کی سیاہی نے جیسے اب تک ہمارے دلوں کو بوجھل اور آنکھوں کو نم کیے رکھا ہے۔ یہ کیسے روح فرسا مناظر ہماری آنکھوں نے دیکھے کہ وطن عزیز کی راہ میں شہادت کا جام نوش کرنے والے شہدا کی بے حرمتی کی گئی!! جب سے ٹی وی پر ان مناظر کو دیکھا ہے تب سے ایک لمحے کو بھی قرار نہیں نصیب۔۔ میں نے/ ہم مائوں نے ان مناظر کو ایک بار نہیں بار بار دیکھا اور ہر بار ان سنگدل ڈھاٹا باندھے انسانوں کے ساتھ اپنے نوجوانوں کے ہاتھوں شہدا کی نشانیوں کو نقصان پہنچتے دیکھ ایک ہی خیال آیا کہ یہ ہمارے بچے تو نہیں ہوسکتے۔۔ کیا یہ واقعی ہمارے بچے ہیں؟ ہم نے تو اپنے بچوں کے دلوں میں فوج کی محبت کا بیج بویا تھا اور اس بیج کو تناور درخت بنانے میں ہماری فوج کا بہادرانہ رویہ پیش پیش رہاہے۔۔ساری دنیا پاکستانی فوج کی عظمت کو سلام پیش کرتی اور اس کی بہادری اور وفاداری کا لوہا مانتی آئی ہے ۔ یہ ہماری فوج ہی ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب آپریشنز کیے۔ جن کی عالمی سطح پر مدح سرائی کی جاتی ہے اور انہیں دوسرے ممالک کی افواج کو ٹریننگ دینے کے لیے بہت احترام کے ساتھ بلایا جاتا ہے۔
پھر بھی یہ سانحہ کیسے ہو گیا ؟ اور کب محبت کے بیج سے اگا درخت نفرت بھرے پھل دینے لگا؟
کیا واقعی یہ ہمارے ہی بچے تھے؟؟
سچائی جتنی بھی تلخ ہو لیکن اس سے منہ نہیں موڑا جاسکتا اور حقیقت یہی ہے کہ اگر ملک دشمن ممالک نے یہ کام کیا ہے تو ان کے بہکاوے میں آ کر ہمارے وطن کے بچوں نے بھی اس غلیظ کام میں ان کا ساتھ دیا ہے۔۔ ورنہ دشمن کی کیا مجال جو وہ ہمارے شہدا کی نشانیوں کی طرف بری نظر سے دیکھنا تو درکنار ان کا نام بھی اپنی زبان پر لا سکے۔۔
وطن عزیز کے نوجوانو ! میں، آج بحیثیت ایک ماں ، تمام مائوں کی طرف سے تم سے سوال کرتی ہوں کہ جب شہدا کی نشانیاں پامال کی جارہی تھیں، جب ان کی بے حرمتی کی جارہی تھی تب تم نے کیسے اس ملک دشمن عفریت کا ساتھ دے دیا۔۔ ؟ کہاں گیا تمہارا وہ جذبہ حب الوطنی جسے ہم نے تمہیں گھٹی میں ڈال کر پلایا تھا۔۔؟ کیا تم پاکستانی فوج کے احسانات بھول گئے؟ یہ وہی ہیں جو ہرمشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔۔ یہ ہماری فوج ہی ہے جو ملک کو درپیش ہر خطرے میں قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہوتی ہے۔ آندھی، طوفان، زلزلہ ہو یا سیلاب، فوج نے ہمیں کبھی اکیلا نہیں چھوڑا اور ہر قسم کے مشکل حالات سے باہر نکالا ہے۔۔ چاہے ہمیں بچاتے بچاتے اس کے جوان خود شہید ہی کیوں نہ ہوجائیں لیکن یہ اپنا فرض نبھاتی آئی ہے ۔ حالیہ سیلاب میں جس طرح بلوچستان میں ہیلی کاپٹرمیں ہمارے چار فوجی بھائی شہید ہوئے کیا تم بھول گئے۔ یاد رکھو کہ ہم مائیں کبھی اپنے کسی ایک شہید کو بھی نہیں بھولی ہیں اور تم بچوں نے دشمن کا ساتھ دے کر ہمیں بھی ان کی فیملیز سے نظریں ملانے کے لائق نہیں رکھا۔ہمارے لیے ہر شہید، ہر غازی ایک ہیرو تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ پاک فوج دشمن کی میلی آنکھ سے پاکستان کو ہمیشہ محفوظ رکھتی آئی ہے۔ کیا تم بچے دشمن ملک سے ابھینندن کا آنا، ہماری پاک فضائیہ کی جانب سے اس کا جہاز گرانا، اسے حراست میں لینا اور پھر اس کے ملک کے حوالے کرنا بھول گئے؟ یہ تم بچے ہی تھے جواس بھارتی پائلٹ ابھینندن کے پکڑے جانے پر پاکستان فوج زندہ باد کے نعرے لگارہے تھے! ۔۔ پھر کیسے دشمن نے اس محبت اور عقیدت کو خاک آلود کردیا !!! میں ایک بار نہیں بار بار تم بچوں سے یہی پوچھوں گی کہ تم نے ایسا ہونے کیسے دیا؟؟؟؟ پاک فوج ہمیشہ ہی ہمارا سر فخر سے اونچا کرتی آئی ہے ۔ ہمیں اپنی فوج پر صرف ناز ہی نہیں بلکہ ہر ایک پاکستانی انہیں اپنا آئیڈیل مانتا ہے۔اور ایک بات کا یقین کرلو کہ اگر ہمیں اپنے بچوں اور پاک فوج سے کسی ایک کو چننا پڑا تو ہم اپنی فوج کو ہی چنیں گے۔۔
اگلی بار تم کسی بھی ایسی حرکت میں ملوث پائے گئے تو یہ ہم ہی ہونگے جو تمہارے خلاف شکایت درج کرائیں گے۔ یاد رکھو کہ ہم اپنے فوجی بھائیوں پر قربان ہونے والوں میں سے ہیں اور ہم وہ ہیں جو ان کا صدقہ اتارتے ہیں۔
ہمیں اپنی فوج سے خاص انسیت ہے۔ پاک فوج ہمارے لیے بہت خاص ہے ۔ ہم تو وہ لوگ ہیں جو اگر کسی فوجی کو گزرتا دیکھ لیں تو انہیں سلیوٹ کرنے لگتے ہیں۔ ان کی وردی دیکھ کر جو احساس ہمیں اپنے حصار میں لیتا ہے وہ آزادی اور محفوظ ہونے کا ہے۔
اے راہِ حق کے شہیدو ، وفا کی تصویرو!
تمہیں وطن کی ہوائیں سلام کہتی ہیں ||
تبصرے