گزشتہ دنوں جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں 79 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ چیف آف آرمی سٹاف قمر جاوید باجوہ نے کانفرنس کی صدارت کی۔ کانفرنس میں کور کمانڈرز، پرنسپل سٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔
شرکاء کو پیشہ ورانہ امور، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور روائتی اور غیر روائتی خطرات سے نمٹنے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں اور ردعمل کے طریقہ کار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ فورم نے سرحدوں کی حفاظت اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے افسران اور جوانوں کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
فورم نے کچھ حلقوں کی جانب سے پاک فوج کو بدنام کرنے اور ادارے اور معاشرے کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی حالیہ پروپیگنڈا مہم کا نوٹس لیا۔
پاکستان کی قومی سلامتی مقدس ہے۔ پاک فوج اس کی حفاظت کے لیے ہمیشہ ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور ہمیشہ رہے گی۔ فورم نے ہر قیمت پر آئین اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے کے لیے قیادت کے قابل غور موقف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ پاک فوج اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے اور تمام حالات میں اندرونی اور بیرونی خطرات کے خلاف پاکستان کی علاقائی سا لمیت اور خود مختاری کا دفاع جاری رکھے گی۔
یہ تحریر 293مرتبہ پڑھی گئی۔