شعر و ادب

23 مارچ 1940ء کی یاد میں

(جب قراردادِ پاکستان منظور کی گئی تھی)

آؤ  تازہ کریں ہم یادیں اُن لمحات کی عظمت کی
جس دن  ہم نے  جھلک دیکھی تھی ایک عظیم بشارت کی
ہم نے سب کو سمجھایا تھا، پاکستان کا مطلب کیا؟
خِطّۂِ ہند میں اُمّتِ مسلم کا ہے اصل میں منصب کیا
منٹو پارک میں جھلمل جھلمل کاہکشاں تھی محبت کی
آؤ  تازہ کریں ہم یادیں اُن لمحات کی عظمت کی
 وُہ دِن، وُہ تاریخی دِن، تاریخ میں زندہ آج بھی ہے
تِیرگیاں جتنی بھی ہوں، وُہ دِن تابندہ آج بھی ہے
جِس دِن پہلی اینٹ رکھی تھی عالی شان عمارت کی
آؤ  تازہ کریں ہم یادیں اُن لمحات کی عظمت کی
ظاہر میں مینارِ پاکستان گواہی دیتا ہے
اصل میں یہ معمارِ پاکستان گواہی دیتا ہے
ہر سُو روشنی پھیلی ہوئی ہے اُس چمکیلی عبارت کی
جس دن  ہم نے  جھلک دیکھی تھی ایک عظیم بشارت کی
آؤ  تازہ کریں ہم یادیں اُن لمحات کی عظمت کی
        
 

یہ تحریر 278مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP