پی این ایس راہ نَوَرد اورپی این ایس دہشت کا دورئہ ایران
پاک بحریہ کے جہازوں پی این ایس راہ نَوَرد اورپی این ایس دہشت نے حال ہی میں ایران کی بندرگاہ بندر عباس کا دورہ کیا۔ بندر گاہ پہنچنے پر ایران کی حکومت اور ایرانی بحریہ نے جہازوں کا پرتپاک استقبال کیا ۔ دسویں پٹرول کرافٹ اسکواڈرن کے کمانڈر، کیپٹن خالد پرویز نے مشن کمانڈر کی حیثیت سے پاک بحریہ ٹاسک گروپ کی کمانڈ کی۔اس دورے کا مقصد خطے میں امن و سکیورٹی کو فروغ دینا ، میری ٹائم اشتراکیت میں اضافہ اور خطے کی دوست بحری افواج کے مابین باہمی تعاون کے نئے شعبہ جات کوتلاش کرنا تھا۔
اس دورے کے دوران پاک بحریہ کے وفد نے باہمی دلچسپی کے اُمور پر ایران کی بحری و عسکری قیادت سے کئی اہم ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں ایران کی بحریہ کے کمانڈر فرسٹ نیول زون، کموڈور حسین آزاد، کمانڈر سرفیس فورس
(Surface Force)
کیپٹن مصطفی تاجدینی، ہارموزگان صوبے کے گورنر جناب فریدون اور ایران کے سپریم کمانڈر آیت اللہ خامنی کے نمائندے آیت اللہ غلام علی نعیم آبادی سے ملاقاتیں شامل تھیں۔
پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف کا تھائی لینڈ کا دورہ
پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف نے حال ہی میں پٹایا (تھائی لینڈ) کا دورہ کیا اور رائل تھائی نیوی کی طرف سے منعقدہ آسیان کی پچاسویں سالگرہ اور انٹرنیشنل فلیٹ ریویو میں شرکت کی۔ ریئر ایڈمرل ذکا ء الرحمن ،فلیگ آفیسر سی ٹریننگ نے آسیان کی پچاسویں سالگرہ اور انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی نمائندگی کی۔پٹایا میں قیام کے دوران فلیگ آفیسر سی ٹریننگ نے رائل تھائی نیوی کے سینیئر نیول عہدیداران اور دیگر شخصیات سے ملاقاتیں کیں جن میں رائل تھائی نیوی کے ڈپٹی کمانڈر اِن چیف ایڈمرل لیوچی روڈٹ ، تھائی لینڈ کے وزیر ِدفاع جنرل پروت وانگسو وان اور ملائیشیاء کی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل تان سری احمد قمرالزمان بن حاجی احمد بدرالدین شامل تھے۔ان ملاقاتوں کے دوران فلیگ آفیسر سی ٹریننگ نے آسیان کی پچاسویں سالگرہ پر تھائی حکومتی عہدیداران کو مبارکباد پیش کی اور تھائی لینڈ کی عوام بالخصوص رائل تھائی نیوی کے لئے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
یہ تحریر 608مرتبہ پڑھی گئی۔