امن کپ - شمالی وزیرستان ایجنسی
گزشتہ دنوں شمالی وزیرستان کے صدر مقام میران شاہ کے یونس خان سٹیڈیم میں پاکستان الیون اور یوکے میڈیا الیون کے درمیان کرکٹ میچ کھیلا گیا۔ اس میچ میں پاکستان الیون نے یوکے میڈیا الیون کو 133 رنز سے باآسانی شکست دے دی۔ پاکستان الیون نے یوکے میڈیا الیون کو جیت کے لئے 254 رنز کا ہدف دیا ، جواب میں مہمان ٹیم مقررہ 20اوورز میں 120رنز بناسکی۔ نثار آفریدی 70 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ یوکے میڈیا الیون نے ٹاس جیت کر پاکستان الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی، اوپنر کامران اور یاسر حمید نے 51 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ یاسر حمید 19 رن بنا کر آئوٹ ہوئے، کامران اکمل اور عمرامین نے بھی جارحانہ بیٹنگ کی لیکن دونوں بیٹسمین کے ''ریٹائر ڈہرٹ'' ہونے کے بعد سابق کپتان انضمام الحق اور شاہد آفریدی بیٹنگ کے لئے میدان میں اترے ۔ شاہد آفریدی نے روایتی جارحانہ انداز اپنا کر میران شاہ میں شائقین کو خوب محظوظ کیا اور کئی شاندار چھکے لگائے۔ انضمام الحق نے بھی عمدہ کھیل پیش کیا ۔ آفریدی 80 اور انضمام 28 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، یوں پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 253رن بنائے۔ میچ میں شاہد آفریدی ، یونس خان،عمرگل اور دیگر سٹارز ایکشن میں نظر آئے۔اس مو قع پرگورنر
KP
اقبال ظفر جھگڑا، کمانڈر پشاور کور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور بھی سٹیڈیم میں موجودتھے ۔ اس میچ کو دیکھنے کے لئے گرائونڈ میں قبائلی عمائدین کے علاوہ مختلف مقامی سکولوں کے بچے بھی موجود تھے۔سکول کے بچوں نے اپنے ہاتھوں میں پاکستان اور برطانیہ کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔ کمانڈر پشاور کور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا۔ اس موقع پر کمانڈر پشاور کور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ نے کہا کہ جو ہم کہتے آئے تھے کہ دہشتگردی کو شکست دی ہے آج اس کا عملی نمونہ دوستانہ کرکٹ میچ کی صورت میں ہورہا ہے ، گراوُنڈ میں ٢٠ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی جگہ ہے اور ٢٥ ہزار میچ دیکھنے آ چکے ہیں اور یہ سب شمالی وزیرستان سے آئے ہیں۔ ان میں ہر عمر کا شخص ہے۔کمانڈر پشاور کور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ کا کہنا تھا کہ ہم نے باجوڑاور کرم میں بھی ترقیاتی کاموں کا آغاز کر دیا ہے اور وہاں کے لئے وسائل چیف آف آرمی سٹاف کی جانب سے دئیے جا رہے ہیں، وہاں بھی کیڈٹ کالجز اور سٹیڈیم بنیں گے ، ساتھ ساتھ سڑکوں کا جال بھی بچھایا جاے گا اور مقامی عوام صحیح معنوں میں امن کے ثمرات سے بہرور ہوسکیں گے۔
یہ تحریر 412مرتبہ پڑھی گئی۔