ہیڈکوارٹرز 2کور کے زیرِ اہتمام تعلیمی خدمات سرانجام دیے جانے سے متعلق میجر محمد واجد جاوید کی رپورٹ
پاکستان ایک فلاحی ریاست ہے جس کے تمام شہری برابر ہیں اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ان کو یکساں تعلیمی مواقع فراہم کیے جائیں۔ تعلیم وتربیت کسی بھی معاشرے کو بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ پاکستان کے کچھ حصوں میں تعلیم کی سہولیات کا فقدان رہا ہے اور دہشت گردی کی جنگ نے ان علاقوں کے حالات مزید مخدوش کر دیے ۔یوں پاکستان کے دوردراز علاقے جیسے خیبر پختونخوا کے ضم شدہ علاقے اوربلوچستان میں تعلیمی سہولیات کا واضح فقدان دکھائی دیا۔ ان حا لات کو دیکھتے ہوئے پاکستان کی مسلح افواج نے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی ٹھانی اور2015 ء میں ان علاقو ں کے بچوں کے لیے اوکاڑہ کینٹ میں ایک ہاسٹل کا قیام عمل میں لایا گیا جس کو البرق بوائز ہاسٹل کہتے ہیں اور اس کی ذمہ داری ہیڈ کوارٹر 2 کور اور 40 ڈویژن کو سونپی گئی۔ اس کا مقصد پسماندہ علاقوں کے مستحق بچوں کو چھٹی کلاس سے لے کر انٹر میڈیٹ تک آرمی پبلک سکو ل اینڈ کالج (APSAC) میں تعلیم دینا اور ان کی شخصی تر بیت اور ذہنی نشونما کے لیے بہترین سہولیات میسر کرنا ہے تا کہ یہ پاکستان اور اپنے پسماندہ علاقوں کی تر قی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
2015 میں البرق بوائزہاسٹل میں خیبر پختونخوا(ضم شدہ سابقہ ایجنسیوں) کی پہلی کھیپ آئی جس کو آرمی پبلک سکو ل اینڈ کالج (APSAC) میں چھٹی کلاس میں داخلہ دیا گیا۔بعد ازاں مزید بچے وقتاًفوقتاً اس مادرعلمی سے مستفید ہونے آتے رہے ۔اب تک پچیس بچے البرق بوائزہاسٹل سے فارغ التحصیل ہو چکے ہیں۔ اس وقت ساٹھ مستحق بچے جن کا تعلق نہ صرف خیبر پختونخوا سے ہے بلکہ بلوچستان اور گلگت بلتستان سے بھی ہے پاک فوج کی اس قائم کردہ درسگاہ کا حصہ ہیں۔ان میں بلوچستان کے ضلع تربت، پنجگور، خضداراور گوادر وغیرہ ،خیبر پختون خوا کے ضم شدہ اضلاع شمالی وزیرستان ، جنوبی وزیرستان اورکزائی ، خیبر اور مہمند سمیت گلگت بلتستان کے ضلع دیامیر اور داسو، خپلوسے تعلق رکھنے والے بچے شامل ہیں۔
البرق بوائزہاسٹل کو ایک بہترین ماحول دینے کے لیے پاکستا ن آرمی نے اپنے موجودہ وسائل سے اس کی تمام سہولیات کو بروئے کار لایا ۔ سب سے پہلے ہاسٹل بلڈنگ کو دستیاب کروایا گیا ۔ دوسرے مگر اہم ترین پہلو کو مد نظر رکھتے ہوئے ہاسٹل میں مقیم بچوں کے کھانے کا مؤثر اور بہترین نظام وضع کیا گیا تا کہ دور دراز علاقوں سے لائے گئے مستحق طلباکو بہترین کھانا مہیا کیا جاسکے ۔ البرق بوائز ہاسٹل نے نہ صرف ایک مادر علمی کا کردار ادا کیا بلکہ دنیا ومافیا سے بے خبر نوجوان نسل کی تربیت کی اور آگہی فراہم کی۔
طلباء کو تعلیم کے ساتھ غیر نصابی سر گرمیوں کے لیے بھی بہترین ماحول فراہم کیا گیا ہے۔ ان میں ان ڈور اور آوٹ ڈور کھیل ، مذہبی تعلیم اور شخصی تربیت شامل ہیں۔
ہاسٹل میں مقیم تمام بچوں کے لیے علیحدہ بیڈ ، الماری ، سٹڈی ٹیبل اور چیئر فراہم کی گئی ہے۔ روز مرہ کے سہولیات جن میں رہائش ، کھانا ، دھوبی ،بجلی گیس، باربر ، جم ، ان ڈور اور آئوٹ ڈور گیمز اور میس جیسی سہولیات مفت فراہم کی جاتی ہیں۔
پاک فوج کی مدد سے ان کی کتابیں ، یونیفارم، کاپیاں، سکول بیگ، جوتے، سکول شوز ، قمیض شلوار، سلیپنگ سوٹ، ویسٹ کوٹ، ٹریک سوٹ، جوگرز حتی کہ واش روم میں استعمال ہونے والی اشیاء بھی فراہم کی جاتی ہیں۔ ایک بچہ جو دوردراز علاقے میں تعلیم حاصل کر رہاتھا جہاں بنیادی سہولیات کا سخت فقدان تھا اور جہاں یہ بچہ اپنے معاشی حالات کے سبب اپنی آئندہ تعلیم کے بارے میں غیر یقینی کیفیت کا شکار تھا، البرق بوائز ہاسٹل کی بدولت ملک کے بہترین اداروں میں قدم رکھتا ہے۔ بہترین اساتذہ سے اور بہتریں طلباء کے ساتھ اپنا تعلیمی سفر جاری رکھتا ہے۔ اس ماحول میں یہاں آنے والا ہر بچہ بہت محنت اور لگن کا مظاہرہ کرتا ہے۔ اس ہاسٹل کے قیام کا سب سے بنیادی مقصد ایک شمع روشن کرنا ہے اور مستقبل کی ایک روشن نوید کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع کرنا ہے۔ پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں یہ بچے ایک رول ماڈل ہوں گے۔ باقی طلبا اور بچے بھی ان ہی کی طرح بننا چاہیں گے ان علاقوں سے بھی طلبا اتنے آگے جا سکتے ہیں جو ایک خواب سمجھا جاتا تھاکہ وہ ایک حقیقت بن چکا ہے اور بنتا رہے گا۔
آج الحمداللہ البرق بوائزہاسٹل کے قیام کو سات سال ہوچکے ہیں۔ یہ بات باعث اطمینان اور فخر ہے کہ سال 2021 میں ہاسٹل سے طلبا کا پہلا بیج فارغ التحصیل ہو چکا ہے۔ یہ تمام طلباء ملک کی بہترین درسگاہوں میں مقابلے کے امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد زیر تعلیم ہیں۔ بیشک یہ افواج پاکستان کی ملک وقوم کی تعمیر وترقی میں تعلیمی میدان میں ایک بہت اہم کاوش ہے۔
اس بہترین تجربے کے بعد اس سہولت سے بھر پور طریقے سے استفادہ کرنے کے لیے سال 2022 میں طلبا کی تعداد کو 30سے بڑھا کر 60 کر دیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق طلبا ء مستفید ہوسکیں۔ اس میں سہولیات کو بھی مزید بہتر سے بہتر بنایا جارہا ہے۔
ملک کی تعمیروترقی ایک مسلسل عمل ہے۔ یہ کام کوئی ایک ادارہ یا طبقہ سر انجام نہیں دے سکتا۔ افواج پاکستان اپنے عوام کے شانہ بشانہ اس اہم ذمہ داری کوسر انجام دے رہی ہیں۔ البرق بوائز ہاسٹل اسی کاوش کی ایک کڑی ہے جس میں ہیڈ کواٹر 2 کور اور 40ڈویژن کے تمام رینکس کی انتھک محنت قابل ستائش ہے کہ البرق بوائزہاسٹل سے فارغ التحصیل طلبا ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرکے ادارے کا نام روشن کرتے رہیں گے اور ایک فعال شہری کے طور پر وطنِ عزیز کی خدمت کرتے رہیں گے۔
یہ تحریر 403مرتبہ پڑھی گئی۔