اداریہ

شاد رہے پاکستان

ملک بھر میں یومِ پاکستان بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایاگیا۔ وفاقی دارالحکومت میں مسلح افواج کی پریڈ ایک قومی تقریب کے طور پر منعقد ہوتی ہے۔ مسلح افواج کی پریڈ کا انعقاد قوم اور افواج میں پائے جانے والے ان جذبوں کی ترجمانی کرتاہے جو وہ اپنے ملک کی سالمیت بارے رکھتے ہیں۔ اس روز پوری قوم عزم و حوصلے کی تصویر بنی دکھائی دیتی ہے اور اس امر کاا عادہ کرتی ہے کہ وہ مادرِ وطن کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔
رواں برس یومِ پاکستان کی اہمیت اس حوالے سے بھی دو چندہوگئی کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کی کونسل کا48 واں اجلاس بھی پاکستان کے دارالحکومت میں انہی دنوں منعقد ہوا جس میں اسلامی ممالک سمیت دیگردوست ممالک کے وزرائے خارجہ نے بھی شرکت کی جو اس امر کی جانب اشارہ ہے کہ پاکستان میں امنِ عامہ کی بہترین صورت حال قائم ہو چکی ہے اور پاکستان نہ صرف اب ایک محفوظ سرزمین ہے بلکہ سفارتی محاذ پر بھی پاکستان باوقار ممالک کی صف میں کھڑا ہے ۔ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے اجلاس میں شرکت کرنے والے معززین نے بھی بطورِ مہمان یومِ پاکستان کی پریڈ کا مشاہدہ کیا۔ علاوہ ازیں او آئی سی کا خصوصی فلوٹ بھی پریڈ کا حصہ بنایاگیا۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ ہم ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہیں اور تمام ممالک کے ساتھ امن چاہتے اور ان کی خود مختاری کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج اور پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہیں جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ، اندرونی اور بیرونی سازشوں کا بھرپور مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیامیں عدمِ استحکام کی بڑی وجہ ہمسایہ ملک کے توسیع پسندعزائم اور کشمیر پر اس کا غیر قانونی قبضہ ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ہمارے سب ادارے جمہوریت کا استحکام اور قانون کی بالا دستی چاہتے ہیں۔
چیف آف آرمی سٹاف قمر جاوید باجوہ نے پریڈ کے بعد تقریب میں مدعو کیے گئے بلوچستان اور اندرونِ سندھ کے طلباء و طالبات سے بات چیت کی اور انہیں تعلیم پر توجہ مرکوز رکھنے اور معاشرے میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔ گزشتہ دنوں چیف آف آرمی سٹاف نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز(لمز) کے طلباء و طالبات سے بھی سیر حاصل گفتگو کی اور ان کے سوالات کے جوابات دیئے۔یقینا ہمارے یہ نوجوان ہی پاکستان کا مستقبل اور پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے ضامن ہیں۔
رواں سال یومِ پاکستان کا تھیم  'شاد رہے پاکستان' رکھا گیا تھا جو قوم اور افواجِ پاکستان کی اپنی سرزمین کے ساتھ بے پایاں محبت اور لگن کا عکاس ہے کہ پاکستان کی سلامتی اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہ کبھی ماضی میں کیاگیا ہے اور نہ ہی مستقبل میں کیا جائے گا۔ ہماری آن، بان اور شان صرف اور صرف پاکستان کے ساتھ وابستہ ہے ۔ پاکستان ہمیشہ شاد رہے، آباد رہے۔
 

یہ تحریر 258مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP