پاک بحریہ کے سر براہ کا دی فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹری سے خطاب
گزشتہ دنوںپاک بحریہ کے سر براہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے دی فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹری کراچی کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد دی فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران، تاجر برادری اور بحری شعبے کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا تھا۔
ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل سکیورٹی کے معاملے میں معاشی حالات کی اہمیت ملٹری یا خارجہ اُمور کے مترادف ہے۔کسی قوم کی معیشت کی صورتحال اس کی نیشنل سکیورٹی کا سب سے اہم جزو ہوتا ہے فوجی صلاحیتوں کی بقاء کے لئے مضبوط اور پائیدار قومی معیشت ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کانٹیننٹل شیلف جس کا رقبہ 290,285مربع کلومیٹر ہے، سمیت پاکستان کے بحری خطے میں بیش بہا سمندری وسائل موجود ہیں لیکن ہم آج تک ان کو مکمل طور پر استعمال میں نہیں لا سکے ۔ اس سلسلے میں پاک بحریہ پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر کے احیاء کے لئے کوشاں ہے اور اس کے لئے تاجر برادری کی ہر طرح سے معاونت کرنے کو تیارہے۔ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر بالخصوص جہاز رانی کی صنعت میں تاجر برادری کے لئے سرمایہ کاری کے سنہری مواقع موجود ہیں۔ پاکستان، میری ٹائم سیکٹر کو ترقی دے کر اپنی بنیادی ملکی پیداوار(جی ڈی پی) کو دو سے تین گنا تک بڑھا سکتا ہے اور پاکستان کی تاجر برادری کے کلیدی ادارے کے طور پر دی فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹری ،میری ٹائم سیکٹر کی ترقی میںنہایت اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
دی فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر غضنفر بلور نے بھی بحری تجارتی راہداریوں کو محفوظ بنانے میں پاک بحریہ کے کردار اور کاوشوں کی تعریف کی۔
پاک میرینز پاسنگ آؤٹ پریڈ
گزشتہ دنوں55ویں بنیادی میرینز کورس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ پی این ایس قاسم کراچی میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ، ریئر ایڈمرل جمیل اختر تھے۔ 34ہفتوں پر مشتمل اس تر بیت کے دوران جسمانی تربیت، واٹرمین شپ، فائرنگ ، مختلف آلات و ہتھیار وں کے استعمال اور فائر فائٹنگ کی مہارتوں کو سکھانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی نے نمایاں کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والے میرینز کو مبارک باد دی اور اُن میں انعامات بھی تقسیم کئے۔
یہ تحریر 574مرتبہ پڑھی گئی۔