ہلال نیوز

یوم ِبحریہ جوش و جذبے سے منایا

پا ک بحریہ نے 1965 کی جنگ کے دوران اپنے سے کئی گنا بڑے اور شاطر دشمن کو اُ س کے پانیوں میں ہی مقیّد رکھا اور دشمن کو بحری حملہ کرنے کا موقع ہی نہ دیا۔ پاک بحریہ کے غازیوں اور جنگی ہیروز کی زیرک حکمت عملی، جرأت ، شجاعت اور غیر معمولی کارناموں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے ہر سال 8 ستمبر کو یوم ِ بحریہ کے طور پر منایا جاتا ہے۔ دوارکا پر پاک بحریہ کے جنگی جہازوں کا دلیرا نہ حملہ اور پاک بحریہ کی آبدوز غازی کی جانب سے پورے بھارتی فلیٹ کو ایک جگہ محصور کرکے رکھنا ، اس دن کی قابل فخر یاد داشتیں ہیں۔

اس موقع پر اپنے پیغام میں ، چیف آف دی نیول سٹاف ،ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ پاک بحریہ یہ دن اپنے غازیوں اور جنگی ہیروز کو خراج ِعقیدت پیش کرنے کے لیے مناتی ہے جن کی قربانیاں اور دلیرانہ کارروائیاں ہمارے اندر ایک نیا عزم اور جذبہ پیدا کرتی ہیں۔ اپنے دشمن کو زیر کرنے والے ہمارے افسروں اور جوانوں کی دلیری کو یاد کرتے ہوئے، یہ دن وطن کے لیے قربانی اور بے غرض محبت کے جذبے کو پھر سے بیدار کرنے کا دن ہے۔ 

پاک بحریہ کے سربراہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ 8 ستمبر1965 کا دن ہماری بحری تاریخ کا ایک سنہرا باب رہے گا اور ہمارے نئے افسران اور سیلرز کو اپنی پیشہ ورانہ سرگرمیوں میںجرأت مندی اور جدت لانے کا حوصلہ دے گا۔ اپنے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پاک بحریہ نے ایک پر وقار چار جہتی ڈیمو کا انعقاد پی این ایس قاسم منوڑہ میں کیا۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ تھے۔

پاک بحریہ کے اس خصوصی مظاہرے میں جنگی جہازوں کا سکم پاسٹ، ہوائی جہازوں کا فلائی پاسٹ،

VBSS

آپریشن، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن، پیرا جمپس، فاسٹ بوٹ ریکوری اور ایلویٹ ہیلی کاپٹر کی جانب سے ایروبیٹکس شامل تھے۔ پا ک میرینزاور سپیشل سروس گروپ (نیوی) پر مشتمل پاکستان نیوی کی سپیشل آپریشن فورسز کی جانب سے بیچ اسالٹ ڈرلز بھی پیش کی گئیں۔پاک بحریہ کے فریگیٹ، آبدوزیں اور میزائل بوٹس بھی اس خصوصی مظاہرے کا حصہ تھیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 1965 کی جنگ میں پاک بحریہ کے جرأت مندانہ کارناموں کوخراج ِتحسین پیش کیا اور خصوصی مظاہرے کے دوران پیش کی گئی پاک بحریہ کی قابلیت اور صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

یہ تحریر 582مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP